پاسپورٹ نہ ہونے والی بات بلکل غلط ہے، رضا اللہ نے حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

تین بیٹ ساتھ لے کر آیا تھا جس میں سے دو ٹوٹ گئے، بس ایک ہی بچا ہے، رضا اللہ


اسپورٹس ڈیسک September 12, 2026

ڈیبیو ٹیسٹ میں ریکارڈز کے انبار لگانے رضا اللہ نے ٹیم میں نام آنے کے وقت پاسپورٹ نہ ہونے والی افواہوں پر رد عمل دے دیا۔

تیسرے روز کھیل کے اختتام کے بعد 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے رضا اللہ محمد عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں آئے۔

رضا اللہ نے پاسپورٹ نہ ہونے کی خبریں غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا پاسپورٹ ایک سال پہلے کا بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں این سی اے کے کیمپ سے واپس گیا تھا، ایک صبح میں فجر کی نماز پڑھ رہا تھا تو نبیل بھائی کی کال آئی کہ فوراً لاہور واپس آجاؤ، مجھے لگا کہ شاید ایشین گیمز کے لیے بلایا ہے لیکن جب وہاں پہنچا تو پتہ چلا کہ ٹیسٹ میچ کھیلنے جا رہا ہوں۔

اپنی بیٹنگ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ میں نے فرسٹ کلاس میں نصف سنچری اور سنچری بھی بنا رکھی ہے تو یہی بات کی تھی کہ میں کرسکتا ہوں۔

رضا اللہ نے کہا کہ میں اپنے آپ کو آل راؤنڈر سمجھتا ہوں۔ شارٹ بال میری فیورٹ ہے، میں اسے اچھا کھیلتا ہوں، میں بس ہر بولر پر اٹیک کر رہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں رضا اللہ نے ہسنتے ہوئے کہا کہ میں تین بیٹ ساتھ لے کر آیا تھا جس میں سے دو ٹوٹ گئے، بس ایک ہی بچا ہے۔