لاہور:
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج کل تکلیف جہاز اور مریم نواز کے بیان کی نہیں ہے تکلیف مریم نواز کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ واضح طور پہ بتا دیا گیا ہے کہ لندن دورے کا خرچہ مریم نواز نے خود ادا کرنا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبوں میں نفرت اور قوم میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کو خود عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کی گھٹیا گفتگو پی ٹی آئی اور ان کی قیادت کے کردار اور خواتین کے خلاف بدبودار زبان درازی کی قابل نفرت روایت کے عین مطابق ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خیبر پختون خوا پر وہ عناصر مسلط ہیں جو ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنے والے غیور پختونوں کی روایات سے بھی آگاہ نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گرد بندوق اور خود کش جیکٹ سے انسانوں کے چیتھڑے اڑاتے ہیں اور ان کے سہولت کار زبان کو انسانوں بالخصوص خواتین کی توہین کے لئے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔