پی ٹی آئی کا 27ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ممکنہ مارچ، لاہور میں 600سے زائد کارکنوں کی فہرستیں تیار

کارکنوں کے گھروں پر ڈور ناکنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک September 12, 2026

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ممکنہ مارچ کے پیش نظر لاہور میں 600 سے زائد متحرک کارکنوں کی فہرستیں مرتب کرلی گئی ہیں، جبکہ کارکنوں کے گھروں پر ڈور ناکنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 452 متحرک کارکنوں کے گھروں پر پولیس پہنچ گئی ہے اور امن و امان خراب نہ کرنے کے حوالے سے ضمانت لینے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ متعدد کارکنان گرفتاریوں کے خوف سے روپوش ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق صدر ڈویژن پولیس نے 122 کارکنوں کے گھروں پر ڈور ناکنگ کی، ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 111 اور کینٹ ڈویژن میں 142 کارکنوں کے گھروں تک پولیس پہنچی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سول لائنز میں 77 کارکنوں کے دروازے پر دستک دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان خراب کرنے والوں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔