پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے بھارت آئے گی، وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب کا دعویٰ

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے جالندھر اور موہالی میں کھیلی جائے گی جس کا فائنل 5 نومبر کو شیڈول ہے


محمد یوسف انجم September 14, 2026

پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے بھارت آئے گی اور یکم نومبر کو جالندھر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے موہالی میں ایشین ہاکی چیمئنز ٹرافی کے لوگو اور شیڈول کی رونمائی پر کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے جالندھر اور موہالی میں کھیلی جائے گی جس کا فائنل 5 نومبر کو رکھا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بھارتی پنجاب اور سیکرٹری بھارتی ہاکی فیڈریشن بھولا ناتھ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایونٹ میں ایشیا کی ٹاپ چھ ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جن میں پاکستان، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا اور کوریا کی ٹیمیں  شامل ہیں۔

بنگلادیش اور عمان کو کسی ٹیم کے نہ آنے کی صورت میں متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام کا موقف ہےکہ بھارت جاکر کھیلنے کا فیصلہ حکومتی اجازت سے مشروط ہے، حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر ہی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔