امریکی ماڈل اور کاروباری شخصیت کِم کارڈیشین کو 2016 میں پیرس میں پیش آنے والی مشہور ڈکیتی کے مقدمے میں عدالت کی جانب سے صرف ایک یورو ہرجانہ دیا گیا، حالانکہ وہ لاکھوں ڈالر مالیت کے زیورات سے محروم ہوئی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کِم کارڈیشین نے اس واقعے کو اپنی زندگی کا سب سے خوفناک تجربہ قرار دیا ہے۔ گزشتہ سال عدالت نے اس واردات میں ملوث آٹھ افراد کو مجرم قرار دیا تھا۔
کِم کارڈیشین نے اپنی دوست اور اسٹائلسٹ سیمون ہاروچ کے ساتھ مشترکہ بیان میں فرانسیسی عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ مالی معاوضے سے زیادہ انصاف اور ذمے داری کے تعین سے متعلق تھا۔ ان کے مطابق اس واقعے کے اثرات آج بھی ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔
عدالت نے اس ہوٹل کے سابق ریسپشنسٹ کو ایک لاکھ نو ہزار یورو کا معاوضہ دیا، جو واقعے کے دوران شدید ذہنی صدمے کا شکار ہوئے تھے۔ ہوٹل انتظامیہ کو بھی 50 ہزار یورو دیے گئے، جبکہ سیمون ہاروچ کو بھی ان کی درخواست کے مطابق ایک یورو بطور ہرجانہ ملا۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں دو افراد پولیس اہلکاروں کا روپ دھار کر کِم کارڈیشین کے کمرے میں داخل ہوئے تھے، انہیں باندھ کر چھ ملین ڈالر سے زائد مالیت کے زیورات لوٹ لیے گئے تھے، جن میں ان کی مشہور ڈائمنڈ رنگ بھی شامل تھی۔