ٹرمپ کا ڈنمارک اور گرین لینڈ سے معاہدے کا اعلان، سیکیورٹی پر مستقل امریکی کنٹرول کا دعویٰ

امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا


ویب ڈیسک September 18, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دیگر ضروریات پر مستقل کنٹرول حاصل ہوگا۔

ٹروتھ سوشل پر بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سیکیورٹی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کی مکمل آزادی حاصل ہوگی جبکہ اس معاہدے پر امریکا کو کوئی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا۔

ٹرمپ کے مطابق کسی بھی مخالف ملک کو امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کرے گا اور اس حوالے سے گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت سے سابق امریکی صدور بھی آگاہ رہے، تاہم کسی نے اس معاملے کو مستقل طور پر حل نہیں کیا۔ انہوں نے معاہدے کو امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور اتحادیوں کے لیے اہم قرار دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان کیا ہے، تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے اس کی تفصیلات کی فوری عوامی سطح پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔