پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی نئی فلم ’شیروز‘ کی تشہیر کے لیے ایسا انداز اختیار کیا جس نے تقریب میں موجود لوگوں کی توجہ فوراً حاصل کرلی۔
اداکارہ ڈیفنس میں بغیر کسی نمایاں سیکیورٹی کے عام افراد کے درمیان ہیوی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے تقریب میں پہنچیں۔
زارا نور نے نئے ماڈل کی ہیوی بائیک پر سن گلاسز پہن کر فلم کی پروموشنل تقریب میں انٹری دی۔ ان کا یہ غیر معمولی انداز دیکھ کر وہاں موجود میڈیا نمائندوں اور دیگر افراد نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ سے ’شیروز‘ کے حوالے سے مختلف سوالات کیے گئے۔ زارا نور نے فلم کی کہانی اور کرداروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلم میں تین ہیروئنز ہیں، جن میں ان کے علاوہ کنزہ ہاشمی اور اشنا شاہ شامل ہیں۔
انہوں نے فلم کے کرداروں کی نوعیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں سب ہی ہیرو بھی ہیں اور ہیروئن بھی۔ زارا نور کے مطابق ’شیروز‘ 2 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی اور ٹیم کو امید ہے کہ فلم دھوم مچائے گی۔