ریاض پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ، سعودی دفاع نے فضا میں تباہ کردیا

تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے


ویب ڈیسک September 20, 2026

ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے ہفتے کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب بیلسٹک میزائل داغا، جسے سعودی فضائی دفاع نے کامیابی سے فضا میں تباہ کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میزائل حملے کے بعد ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک ایندھن کے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائر فائٹرز نے سعودی تیل کمپنی آرامکو کے لوگو والے ایک فیول ٹینک میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

اے ایف پی کی جانب سے تصدیق شدہ ویڈیو میں ایئرپورٹ کی عمارتوں کے اوپر سیاہ دھوئیں کا بادل بھی دکھائی دیا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ سعودی فضائیہ نے ہفتے کی صبح ریاض کی جانب حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔

ترجمان کے مطابق حوثیوں نے بیشہ، طائف، فرسان اور ینبع میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی فضائی دفاع نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔

تازہ حملے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور خطے میں ایران سے وابستہ مسلح گروہوں کی کارروائیوں کے باعث سکیورٹی صورتحال مسلسل حساس بنی ہوئی ہے۔