وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتاری سے بچانے کیلئے رات گئے لاہور پہنچ گئے

طاقتور لوگ پاکستان کو غلط سمت میں لے جا رہے ہیں، سہیل آفریدی


ویب ڈیسک September 21, 2026

لاہور:

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گرفتاری سے بچانے کیلئے رات گئے لاہور پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ نے لاہور کے قریب موٹروے پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ نورین اور عظمیٰ بی بی کو گرفتار کیا جارہا ہے اسی لیے وہ خود لاہور جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نورین آپا کو لینے لاہور روانہ ہوا ہوں، طاقتور لوگ پاکستان کو غلط سمت میں لے جا رہے ہیں، سابق وزیراعظم کے خاندان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی بہن علیمہ آپا کو گرفتار کیا گیا اور ان کے گھر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سفید کپڑوں میں ملبوس افراد بینرز پھاڑ رہے ہیں اور کنونشن میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، سفید کپڑوں میں افراد نے ایک صوبائی وزیر کو اغوا کرنے کی بھی کوشش کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ تو آئین و قانون کے محافظ ہیں، پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 27 ستمبر کو پورا پاکستان سڑکوں پر نکلے گا۔

واضح رہے کہ پولیس نے رات گئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ اس سے قبل علیمہ خان کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا۔