امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے پلاسٹک کے کپ پلٹنے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے پانچ ماہ تک مسلسل مشق کی اور بالآخر کامیاب ہوگئے۔
انہوں نے 10 کپ صرف 6.63 سیکنڈز میں پلٹے اور 7.57 سیکنڈز کے سابقہ ریکارڈ کو توڑ دیا۔
ڈیوڈ رش (جن کے پاس 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز موجود ہیں) کا کہنا تھا کہ کم وقت میں 10 کپ پلٹنے کا ریکارڈ توڑنے کا خیال دراصل ان کے اور ان کے ساتھی الیکس کے درمیان ایک چیلنج کے دوران آیا۔
رش کے مطابق انہوں نے اسی وقت اپنی درخواست جمع کرا دی تھی اور انہیں امید تھی کہ وہ چند ہفتوں میں یہ ریکارڈ توڑ لیں گے لیکن حقیقت اس کے برعکس نکلی۔
انہوں نے بتایا کہ 10 پلاسٹک کپوں کو مسلسل اس طرح پلٹنا کہ ہر کپ الٹا ہو کر صحیح پوزیشن میں گرے، توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔
کئی ہفتوں کی مشق کے بعد ڈیوڈ رش اتنے ماہر ہوگئے کہ ان کے پلٹائے گئے تقریباً 50 فی صد کپ درست انداز میں گرنے لگے لیکن یہ شرح بھی مسلسل 10 کپ کامیابی سے پلٹنے کے لیے کافی نہیں تھی۔
ڈیوڈ رش کے مطابق اگر ہر کپ کے درست انداز میں گرنے کا امکان 50 فی صد ہو تو 10 کپ مسلسل درست گرنے کی کامیاب کوشش اوسطاً ہر ایک ہزار کوششوں میں صرف ایک مرتبہ متوقع ہوتی ہے۔
اسی مشکل کے باعث انہیں ریکارڈ توڑنے کے لیے مجموعی طور پر پانچ ماہ کی مشق کرنا پڑی جس کے بعد وہ مطلوبہ کارنامہ انجام دینے میں کامیاب ہوئے۔