وائٹ ہاؤس سے بے دخلی پر امریکی میڈیا ہاؤسسز نے ٹرمپ کی کوریج معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا

غیر صدارتی تقریبات کی پول کوریج معمول کے مطابق جاری رہے گی، میڈیا ہاؤسسز


ویب ڈیسک September 22, 2026

واشنگٹن:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے CNN، MS NOW اور Politico کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کے بعد بڑے امریکی ٹی وی نیٹ ورکس نے احتجاجاً صدر کی پول کوریج معطل کرنے کا اعلان کردیا۔

ABC، CBS، NBC، Fox News اور CNN نے مشترکہ بیان میں کہا کہ عوام کو حکومت کے بارے میں درست اور آزاد معلومات حاصل کرنے کا حق ہے اور کسی بھی انتظامیہ کو کسی نیوز ادارے کی رپورٹنگ ناپسند ہونے کی بنیاد پر اسے محدود نہیں کرنا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کے اقدام کے بعد CNN کو صدر کی ٹی وی پول کوریج کی اپنی مقررہ ذمہ داری ادا کرنے سے روک دیا گیا تھا جس پر باقی چار بڑے نیٹ ورکس نے بھی متبادل انتظام کے تحت صدر کی تقریبات کی پول کوریج فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم کانگریس دیگر شخصیات اور بعض غیر صدارتی تقریبات کی پول کوریج معمول کے مطابق جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔

ادھر CNN، MS NOW اور Politico نے وائٹ ہاؤس میں اپنے صحافیوں کی رسائی بحال کرانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔

تینوں اداروں کا مؤقف ہے کہ ان کے صحافیوں کے پریس پاس رپورٹنگ پر اعتراض کے باعث منسوخ کیے گئے جبکہ انتظامیہ اس اقدام کا دفاع کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس آزاد پریس کے خلاف نہیں بلکہ ان میڈیا اداروں کے خلاف کارروائی کررہا ہے جنہیں وہ فیک نیوز قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے دیگر میڈیا اداروں کے خلاف بھی ممکنہ کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

وائٹ ہاؤس اور بڑے امریکی میڈیا اداروں کے درمیان یہ تنازع اب عدالتی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے جہاں صحافتی رسائی اور حکومتی اداروں کی رپورٹنگ سے متعلق آئینی حقوق بھی زیر بحث ہیں۔