اسلام آباد کچہری خودکش حملہ؛ عدالت کا متاثرین کیلیے معاوضہ پیکیج تیار کرنے کا حکم

معاوضہ پیکیج کو ایک ماہ کے اندر حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ


ویب ڈیسک September 22, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کچہری خودکش حملے کے شہدا اور متاثرین کے لیے وزارت داخلہ کو معاوضہ پیکیج تیار کرنے اور اس عمل کو تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے 2 صفحات پر مشتمل سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا اور اس پر عملدرآمد کے لیے حکم نامے کی کاپی سیکریٹری داخلہ کو بھجوانے کی ہدایت بھی کردی۔

حکم نامے کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ متاثرین کے لیے پالیسی اور معاوضہ پیکیج حتمی منظوری کے مرحلے میں ہے، آئی سی ٹی انتظامیہ واقعے کے متاثرین کی تعداد اور ان کی تفصیلات مرتب کرچکی ہے۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی میں ترجیح دی جائے گی۔ معاوضہ پیکیج کی تیاری کے لیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی  کمیٹی بھی قائم ہے، جس کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو معاوضہ پیکیج کی تیاری کا عمل تیز کرنے، کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے اور پالیسی کو حتمی شکل دینے کا حکم دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ معاوضہ پیکیج کو ایک ماہ کے اندر حتمی شکل دینے کی کوشش کی جائے، جبکہ وزارت داخلہ کو آئندہ سماعت سے قبل پیش رفت رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 20 اکتوبر 2026 تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ محمد آصف گجر ایڈووکیٹ نے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔