جماعت اسلامی کا وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان

وزیراعظم سے بات ہونے تک ہم ملتان میں موجود رہیں گے، امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک September 22, 2026

ملتان:

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ کو عارضی طور پر ملتان میں روکنے کا فیصلہ کرلیا۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل وزیراعظم کا فون آیا تھا اور انہوں نے ہم سے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی، وزیر اعظم کو بتایا کہ لوگ شدید مشکلات میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ جیسے ہی پاکستان پہنچیں گے تو ہمارے ساتھ ملاقات کرکے عوام کو ریلیف دینے کیلئے فیصلے کریں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا تھا، مشاورت کے بعد ہم نے طے کیا ہے کہ ہم اپنے احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے نہ لانگ مارچ سے دستبردار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف اتنا موقع دینا چاہتے ہیں کہ ہم وزیراعظم کی بات سنیں گے، ہمارے کارکن مسلسل میدان میں موجود رہیں گے، ہمارا ایجنڈا فساد نہیں عوام کو ریلیف دینا ہے۔ طویل مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعظم جب پاکستان آئیں گے تو ان سے بات ضرور کریں گے لیکن اپنی تحریک سے دستبردار نہیں ہوں گے، حکومت سے تحریری یقین دہانی لیں گے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ وزیراعظم تشریف لائیں تاکہ بات چیت شروع کی جاسکے تب تک ہمارے لانگ مارچ کا ملتان میں پڑاؤ موجود رہے گا۔ یہ حکومت کے پاس بات چیت کیلئے آخری چانس ہوگا اور انہیں لیوی کا بھتہ ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، ہماری شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے حکومت پر دباؤ پڑا، حکومت کو پیٹرول قیمتیں کم کرنے کے لیےمختلف تجاویز دیں لیکن حکومت نے کہا آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں لیوی کم نہیں کرسکتے۔

قبل ازیں ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں  وزیرِ اعظم نے امیر جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں دھرنا مؤخر کرنے کا کہا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو ان مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کر رہی ہے، حکومت جس قدر ممکن ہوا عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بناتی رہے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے وزیرِ اعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی دھرنا مؤخر کرنے پر غور کر رہی ہے،  دونوں رہنماؤں نے وزیرِ اعظم کے دورے کے بعد ملاقات کرنے اور اس امر پر مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔