بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی کے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، ان کی والدہ اور پلے بیک گلوکارہ کرشنا مکھرجی 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاندان نے ایک بیان کے ذریعے کرشنا مکھرجی کے انتقال کی تصدیق کی۔ بیان میں بتایا گیا کہ اداکارہ کی والدہ کا انتقال آج دوپہر ہوا۔
خاندان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ انتہائی بوجھل دل کے ساتھ کرشنا مکھرجی کے انتقال کی خبر شیئر کی جارہی ہے۔ اہل خانہ نے اس مشکل وقت میں مداحوں اور چاہنے والوں کی محبت، دعاؤں اور تعاون پر تشکر کا اظہار بھی کیا۔
خاندان نے لوگوں سے درخواست کی کہ سوگ کی اس گھڑی میں ان کی رازداری کا احترام کیا جائے۔ تاہم بیان میں کرشنا مکھرجی کی آخری رسومات سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔
کرشنا مکھرجی کا تعلق موسیقی کی دنیا سے تھا اور انہیں 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیسری آنکھ‘ کے گانے ’عید کے دن گلے مل لے راجہ‘ سے شہرت ملی تھی۔
رانی مکھرجی کی والدہ کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور فلمی حلقوں میں بھی افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔