پی آئی اے بیڑے کی بحالی؛ نئے طیاروں اور انجنوں کی خریداری پر اہم پیشرفت

وزیر خزانہ اور بوئنگ گلوبل کے صدر کے درمیان اہم ملاقات، پی آئی اے کے لیے مالی معاونت کے معاملے پر گفتگو


ویب ڈیسک September 23, 2026

پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی خریداری سے متعلق نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بوئنگ کی جانب سے قومی ایئرلائن کو نئے طیاروں کی خریداری کے لیے نظرثانی شدہ تجویز فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے بوئنگ کے مطابق پی آئی اے کو نئے طیاروں کی جلد فراہمی کے آپشنز بھی تلاش کیے جائیں گے، جبکہ طیاروں کی فراہمی تک عبوری لیز کے انتظامات کے مختلف آپشنز بھی زیر غور آئیں گے۔

اس سلسلے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک سے پی آئی اے کے لیے مالی معاونت کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران پی آئی اے کے لیے انجنوں کی خریداری اور اسپیئر پارٹس کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کی مرمت اور انہیں دوبارہ آپریشنل کرنے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ قومی ایئرلائن کے طیاروں کی مینٹیننس اور بحالی کے امور بھی ملاقات میں زیر غور آئے۔