شاہراہِ بھٹو پر آن لائن ٹیکسی ڈرائیور سے جھگڑے کا مقدمہ درج

مقدمہ متاثرہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور حمید سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے


ویب ڈیسک September 24, 2026

گزشتہ روز شاہراہ بھٹو پر  کالے رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر کے بعد امیر زادے نے شہری کی پٹائی کردی اور فائرنگ بھی کی، ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کی سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار شہری سے جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

شاہراہِ بھٹو پر کالے ڈبل کیبن کی ٹکر کے بعد آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اور ڈبل کیبن سوار افراد کے درمیان جھگڑے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ متاثرہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور حمید سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ متاثرہ ڈرائیور کے مطابق ڈبل کیبن سوار افراد نے گاڑی روک کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جبکہ ایک سیکیورٹی گارڈ نے اسلحے کے بٹ سے اس کے ہاتھ پر وار کیا۔

متاثرہ ڈرائیور نے ڈبل کیبن سوار افراد پر فائرنگ کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔ واقعے کے وقت آن لائن ٹیکسی میں خاتون مسافر بھی موجود تھی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد پولیس نے ویڈیو شواہد بھی حاصل کرلیے۔ پولیس نے واقعے کی ویڈیوز اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔