راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق جڑواں شہروں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز اب معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے سے سروس متاثر ہوئی تھی، جس کے باعث چند سروس فراہم کنندگان کے نیٹ ورک میں جزوی خرابی دیکھی گئی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس میں خرابی مقامی اور گردونواح کے چند علاقوں تک محدود تھی، جبکہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق جاری رہی۔ شمالی ریجن کے کچھ علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی تھی۔
پی ٹی اے کے مطابق تکنیکی ٹیموں نے آپٹیکل فائبر کیبل کی مرمت اور سروس کی بحالی کے لیے کام کیا، جس کے بعد زیادہ تر علاقوں میں سروسز بحال کر دی گئیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروسز مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں اور اب انٹرنیٹ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔