خواجہ سعد رفیق کا ریاست کو اپوزیشن سے بات چیت میں پہل کا مشورہ

مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے، سابق وفاقی وزیر


ویب ڈیسک September 27, 2026
فوٹو:فائل

لاہور:

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک دوسرے سے بات چیت کریں، گفت و شنید جاری رکھیں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔ 

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ حکومتیں اور احتجاج کرنیوالے اناؤں، ضدوں اور دھڑے بندیوں سے اوپر اٹھیں، یاد رہے آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے بیں، پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے، پہل کی جائے۔

سعد رفیق نے کہا کہ جانی  و مالی نقصانات سے بچا جائے، ایک دوسرے کی عزت نفس کو تار تار کرنا کم ظرفی ہے کوئی فخریہ کام نہیں، مہنگائی، بیروزگاری ، ناانصافی اور دہشت گردی کی آگ میں جھُلسا ہوا پاکستان کراہ رہا ہے، پُکار رہا ہے، اسکی پُکار سنی جائے۔ 

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عام آدمی پِس چُکا ہے، اسے  آپ کے مباحثوں، دھینگا مشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں، جینا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے۔  

انہوں نے کہا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رِستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں پھر ساری قوم دہائیوں تک اسکی قیمت ادا کرتی رہتی ہے، تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جاسکتا ہے نہ روکا جاسکتا ہے، لاعلاج زخم  چھوڑ کر جانیوالے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ سول سوسائىٹی اور اہل درد  بیدار ہوں  اذان حق کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے، جو جہاں بھی ہے اپنی آواز  بلند کرے۔