ریاض:
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا مکہ مکرمہ اور دارالحکومت ریاض میں تیز بارش کے باعث کئی علاقوں میں جل تھل ایک ہوگیا جبکہ مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ زائرین طواف کعبہ میں مصروف رہے۔
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں بھی باران رحمت خوب برسی جس کے دوران عمرہ زائرین نے طوافِ کعبہ جاری رکھا اور بارش برسنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ بارش کے باعث شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔
دوسری جانب دارالحکومت ریاض میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اٹھایا۔ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔