ٹرمپ کی ایک اور شکست؟ حکیم جیفریز ایوان نمائندگان کے پہلے سیاہ فام اسپیکر بننے کے قریب

خفیہ رائے شماری میں حکیم جیفریز کے حق میں 251 ڈیموکریٹس نے ووٹ دیے جبکہ 11 نے ان کی مخالفت کی


ویب ڈیسک November 18, 2026
حکیم جیفریز امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کے لیے ڈیموکریٹس کے نامزد امیدوار منتخب ہوگئے۔

امریکا میں اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹ نے حکیم جیفریز کو ایوانِ نمائندگان کے آئندہ اسپیکر کے لیے باضابطہ طور پر نامزد کردیا جس کے بعد ان کے امریکا کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام اسپیکر بننے کی راہ ہموار ہوگئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیموکریٹ جماعت کے ارکان نے خفیہ رائے شماری میں حکیم جیفریز کے حق میں 251 ووٹ دیے جبکہ 11 نے مخالفت کی۔

حکیم جیفریز کو اپنی ہی جماعت ڈیموکریٹ کے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان کی مخالفت کا سامنا تھا حالانکہ انھوں نے مخالفت کم کرنے کے لیے مختلف دھڑوں کے ارکان سے ملاقاتیں بھی کیں۔

ڈیموکریٹ کے 7 نومنتخب ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ انہوں نے حکیم جیفریز کے خلاف ووٹ اس لیے دیا کیونکہ وہ تمام شہریوں کے لیے طبی سہولتوں اور غزہ میں جنگ کے خاتمے سمیت اہم معاملات پر ان سے واضح یقین دہانیاں چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ حکیم جیفریز نے حال ہی میں طبی سہولتوں کے دائرے کو وسیع کرنے کی حمایت کرتے ہوئے بزرگوں کے لیے مخصوص سرکاری طبی پروگرام میں مزید افراد کی شمولیت اور بچوں کے لیے جامع طبی سہولتوں کی تجویز کی حمایت کی تھی۔

اب حکیم جیفریز کو اسپیکر منتخب ہونے کے لیے تین جنوری کو ایوان کے تمام ارکان کی رائے شماری کا سامنا کرنا ہوگا۔ ڈیموکریٹس کو ایوان میں اکثریت حاصل ہونے کے باعث ان کی کامیابی متوقع ہے۔