اسرائیل میں شدید تنازع کا باعث بننے والی فلم ’نازا‘ کا امریکا میں پریمیئر

فلم کی نمائش کے موقع پر تھیٹر کے باہر اسرائیل کے حامی مظاہرین بھی جمع ہوئے


ویب ڈیسک September 28, 2026

غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں پر بنائی گئی متنازع دستاویزی فلم ’نازا‘ کا شمالی امریکا میں پریمیئر نیویارک فلم فیسٹیول میں کر دیا گیا۔

اسرائیلی فلم ساز یووال ابراہم اور ریچل زور کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم میں اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس سے وابستہ 24 گمنام افراد کے انٹرویوز شامل ہیں، جن کے ذریعے غزہ میں اہداف کے انتخاب اور فوجی کارروائیوں سے متعلق سنگین الزامات اور تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔

نیویارک میں پریمیئر کے بعد گفتگو کرتے ہوئے یووال ابراہم نے کہا کہ فلم کے ذریعے وہ امریکی ناظرین تک بھی اپنا پیغام پہنچانا چاہتے ہیں۔

NAZA film-makers address threats at documentary's New York City premiere |  NAZA | The Guardian

فلم کی نمائش کے موقع پر تھیٹر کے باہر اسرائیل کے حامی مظاہرین بھی جمع ہوئے، جنہوں نے فلم کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں کے تناظر کو نمایاں کرنے کا مطالبہ کیا۔

ابراہم نے پریمیئر میں 7 اکتوبر کے حملوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک وہ حملے بعد میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کا جواز نہیں بنتے۔

’نازا‘ اس سے قبل وینس فلم فیسٹیول میں اسپیشل جیوری پرائز جیت چکی ہے، جہاں اسے طویل اسٹینڈنگ اوویشن بھی ملی تھی۔