لاہور: مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی غیر ملکی خاتون عدالت میں پیش

پولیس نے مذکورہ کیس میں خواتین سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا ہے


ویب ڈیسک September 28, 2026

لاہور:

لاہور کی کینٹ کچہری میں غیر ملکی خاتون ڈیانا سے مبینہ زیادتی کے کیس کی سماعت کے لیے متاثرہ خاتون کو سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کر دیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ محمد صغیر کیس کی سماعت کریں گے جہاں غیر ملکی خاتون کا دفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج ہے اور کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ابتدائی طور پر مختلف کارروائیوں کے دوران 5 افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے، حراست میں لیے گئے افراد مبینہ ملزمان کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے ملنے والی معلومات اور دیگر شواہد کی روشنی میں مرکزی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق خاتون نے بیان دیا کہ وہ گزشتہ 15 سے 20 روز سے کاروباری سلسلے میں پاکستان میں مقیم ہے۔ خاتون کے مطابق 25 ستمبر کی رات 2 نامعلوم لڑکیاں اسے ڈنر کے لیے ایک کیفے میں لے گئیں، جہاں 3 نامعلوم مرد موجود تھے۔

 خاتون نے الزام لگایا کہ مذکورہ افراد اسے گاڑی پر سیر کروانے کے بہانے ایک فلیٹ پر لے گئے، جہاں اسے  مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلا کر بے ہوش کیا گیا اور تینوں افراد نے باری باری اس سے مبینہ زیادتی کی۔