سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے، مولانا طاہر اشرفی

یمنی حوثیوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، سربراہ پاکستان علماء کونسل


ویب ڈیسک September 29, 2026

مدینہ منورہ کی اسلامی یونیورسٹی میں فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے انسداد کے لیے عالمی کوششوں کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے اور اس کے دفاع کے لیے پاکستانی عوام اور قیادت کا عزم غیر متزلزل ہے۔

مولانا طاہر اشرفی نے یمنی حوثیوں کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے پیچھے امت کے دشمن موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستانی قوم اپنی اولاد، جان اور مال قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی اس حوالے سے اللہ تعالیٰ اور سعودی قیادت کے ساتھ ہمارا عہد ہے۔

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ نے سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے فکری گمراہی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔