اسرائیلی فورسز نے جنوبی شام میں گھروں پر دھاوا بول دیا، چوکی قائم کرلی

قنیطرہ میں عین النوریہ اور خان ارنابہ کے درمیان سڑک پر چوکی قائم کیے جانے کی اطلاع ہے


ویب ڈیسک September 29, 2026

جنوبی شام میں اسرائیلی فورسز کی تازہ زمینی کارروائیوں کے دوران گھروں کی تلاشی اور عارضی چوکی کے قیام کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے درعا کے مغربی علاقے میں واقع گاؤں معریہ میں متعدد گھروں پر چھاپے مارے، جبکہ پڑوسی صوبے قنیطرہ میں ایک سڑک پر چیک پوسٹ قائم کی۔

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیوں نے جنوبی شام کے علاقوں میں داخل ہوکر رہائشی گھروں کی تلاشی لی۔

قنیطرہ میں عین النوریہ اور خان ارنابہ کے درمیان سڑک پر چوکی قائم کیے جانے کی اطلاع ہے۔ اس سے ایک روز قبل بھی اسرائیلی فورسز نے قنیطرہ اور درعا کے دیہی علاقوں میں متعدد فوجی گاڑیوں کے ساتھ کارروائیاں کی تھیں۔

اقوام متحدہ کی شام سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی نے رواں ماہ کہا تھا کہ جنوبی شام میں اسرائیلی زمینی دراندازیاں، چھاپے، تلاشی اور عارضی چوکیوں کا قیام مسلسل جاری ہے۔

اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس کی موجودگی سرحدی سلامتی کے لیے ضروری ہے، جبکہ شام اور اقوام متحدہ نے اسے شام کی خودمختاری اور 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔