کراچی:
جوہر آباد، اقبال مارکیٹ، محمود آباد، گلشن معمار، سچل اور پاپوش نگر پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 8 زخمیوں سمیت 9 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جوہر آباد پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب فیڈرل بی ایریا بلاک 15 میں ابراہیم علی بھائی گورنمنٹ اسکول کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بلال خان ولد شیر خان کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
اقبال مارکیٹ پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11، خلیل مارکیٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت زبیر احمد ولد سلیم احمد کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
محمود آباد پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب محمود آباد ٹی پی ٹو میں کچرا کنڈی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اسد ولد اکرم اور محمد آصف ولد نظام الدین کے نام سے ہوئی۔ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بمعہ 2 گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
گلشن معمار پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سیکٹر 18، عمر بروہی گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 19 سالہ رحمت اللہ ولد رمضان کے نام سے ہوئی، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام ذیشان ولد رحیم صدیقی بتایا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔
سچل پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غازی گوٹھ، چانڈیو چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزم کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ عبدالرحمان ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
پاپوش نگر پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاپوش نگر قبرستان، قطب شاہ مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 32 سالہ فیض اللہ ولد میوہ دین کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔