کراچی:
شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں بوٹ بیسن پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق بوٹ بیسن تھانے کی پولیس اتوار بازار بلاک 2 کلفٹن کے قریب معمول کے گشت پر مامور تھی کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار ایک مشکوک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ملزم نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم زخمی ہوگیا، جسے موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت نادر شاہ ولد سفید گل کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ گولیاں اور بغیر نمبر پلیٹ کی 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔