کراچی:
شہر قائد کے علاقے غریب آباد پر بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر 4 گھٹنے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا۔
بدھ کی شام گھروں کو جانے والے شہریوں کی بہت بڑی تعداد بدترین ٹریفک جام میں بری طرح سے رل گئی ، احتجاج کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سر شاہ سلیمان روڈ حسن اسکوار جانب غریب آباد قبا مسجد کے قریب علاقہ مکینوں کی جانب سے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر کیے جانے والے احتجاج کے باعث دونوں ٹریک پر ٹریفک معطل ہوگیا۔
جس کے باعث ٹریفک پولیس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور گاڑیوں کو حسن اسکوائر سے یونیورسٹی روڈ جانب نیپا اور لیاقت آباد سے کریم آباد اور غریب اباد سے حسین آباد کی طرف موڑ دیا۔
4 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا جس کی وجہ سے محلقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
احتجاج کی وجہ سے لیاقت آباد ، کریم آباد ، حسن اسکوائر ، نیپا چورنگی ، یونیورسٹی روڈ ، کارساز روڈ اور اسٹیڈیم روڈ سمیت اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں۔