امارات سے اسرائیل جانے والی پرواز کے زخمی پائلٹ کا بیان سامنے آگیا

طیارہ دبئی سے تل ابیب جا رہا تھا اور اس میں 174 افراد سوار تھے


ویب ڈیسک October 01, 2026

متحدہ عرب امارات سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں پیش آنے والے واقعے کے زخمی بھارتی کپتان سمِت مچھ چہار کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ساتھیوں، مسافروں اور عملے کا شکر گزار ہے جو مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور پائلٹ انہوں نے اپنی ذمہ داری انجام دی اور شکر گزار ہیں کہ طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور مسافر محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ طیارہ دبئی سے تل ابیب جا رہا تھا اور اس میں 174 افراد سوار تھے۔

دورانِ پرواز کاک پٹ میں دونوں پائلٹس کے درمیان شدید جھگڑا ہوا؛ اسرائیلی حکام کے مطابق معاون پائلٹ نے کپتان پر چاقو سے حملہ کیا۔ تاہم واقعے کے محرکات ابھی زیرِ تفتیش ہیں۔ طیارہ انتہائی تیزی سے تقریباً 33 ہزار فٹ سے 17 ہزار فٹ تک نیچے آیا اور ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا گیا۔

زخمی ہونے کے باوجود کپتان نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں مدد کی، جس کے بعد مسافروں اور عملے نےحملہ آور پائلٹ کو قابو کیا۔ طیارے میں موجود دیگر آف ڈیوٹی فلائی دبئی پائلٹس نے کنٹرول سنبھالا اور طیارے کو سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتارا۔

طیارے پائلٹس کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق سمِت مچھ چھار کی حالت اب بہتر اور مستحکم ہے۔