پی ٹی آئی لانگ مارچ منسوخ کرے تو بانی سے ملاقات کی صورت نکل سکتی ہے، وزیر مملکت

بانی  پی ٹی آئی کی  رہائی کا معاملہ عدالت دیکھ سکتی ہے، لانگ مارچ سے پی ٹی آئی کے سیاسی مسائل کا حل نہیں نکلے گا


ویب ڈیسک October 02, 2026

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی لانگ مارچ منسوخ کرتی ہے تو بانی سے ملاقات کی کوئی صورت نکل سکتی ہے البتہ رہائی کا فیصلہ حکومت کو نہیں عدالت کو کرنا ہے۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں  گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری آج اپوزیشن  سے ملاقات خوشگوار رہی  ہے، بانی  پی ٹی آئی کی  رہائی  پر ہمارا موقف ہے یہ عدالت  اس معاملے کو دیکھ سکتی ہے۔

 انہوں نے سوال اٹھایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پی ٹی آئی  لانگ مارچ  سے کیا لینا  دینا؟ ، جب انہوں نے مارچ کا اعلان کیا تو بانی کو علم  ہی نہیں تھا، جب  لانگ مارچ ملتوی کیا تب بھی بانی کو  کوئی علم نہیں تھا۔

 وزیر مملکت نے اس امکان کا اظہار کیا کہ  پاکستان تحریک انصاف  کا  لانگ مارچ منسوخ ہو تا ہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی صورت بھی نکل سکتی ہے۔  

رہنما مسلم لیگ ن  بیرسٹر عقیل ملک  نے کہا کہ ایوانوں میں  اپوزیشن لیڈروں  کے دو اہم عہدے  پی ٹی آئی نے آؤٹ سورس کر رکھے ہیں ، پی ٹی  آئی  نے یہ  دو اہم  عہدے دوسری جماعتوں کو   ٹھیکے پر  دیے ہیں ، لگتا ہے  پی ٹی آئی کو اب  احساس ہوا کہ یہ  دونوں اہم  عہدے اپنے ہاتھ میں رکھنے چاہیئں۔

بیرسٹر عقیل ملک  کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ ہو یا نہ ہو ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، لانگ مارچ پی ٹی آئی  کے سیاسی مسائل کا حل نہیں نکالے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ  خیبر پختونخوا  میں سیکیورٹی صورتحال پر انہوں نے کیا  کام کیا ہے ؟ ان سے جب فنڈز کا پوچھیں تو آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ  اب لانگ مارچ کے لیے چندہ بھی مانگ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ ایسے اپنا صوبہ نہیں چلا سکتے۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ صوبے کی عوام کو بے  یارومددگار نہیں چھوڑا جا سکتا ، وفاقی حکومت کی  جو ذمے داری ہے وہ  وفاق ادا کرے گا، سیکیورٹی کی  بات ہوگی تو ہر حد تک جائیں گے کیونکہ ریاست تو ہم ہیں۔