کاکروچ جنتا پارٹی کا آج سے جیل بھرو تحریک کا اعلان

 بھارتی ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری پر کاکروچ جنتا پارٹی نے بھارتی چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا


ویب ڈیسک October 03, 2026

بھارت کی کاکروچ جنتا پارٹی نے آج سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا۔

 بھارتی شہر ممبئی میں الیکشن کمیشن کے خلاف ہونے والے احتجاج میں معروف اداکارہ شبانہ اعظمی، اداکار نصیرالدین شاہ اور گلوکار و موسیقار وشال دادلانی سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

 بھارتی ووٹر لسٹوں میں ہیرا پھیری کے الزامات سامنے آنے پر کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے زیر اہتمام ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھارتی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے احتجاج کی اجازت نہ دیے جانے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ شیواجی پارک پہنچے، سی جے پی نے آج سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد جنتر منتر پر پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کر دیے گئے۔

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر انتخابی فہرستوں سے13کروڑ ووٹرز کے نام حذف کر نے کاالزام ہے، کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھجیت دِپکے کے مطابق اگر گیانیش کمار مستعفی نہیں ہوتے تو تنظیم اپنا احتجاج ممبئی سے ملک کے مختلف شہروں تک لے جائے گی۔

 ادھر بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے پریس کانفرنس میں خدشہ ظاہر کیا کہ انتخابی فہرستوں سے مزید 50 لاکھ ووٹرز کوخارج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔