سوڈان: العبید میں ڈرون حملہ، 10 افراد ہلاک

مقامی حکومت نے دوسرے حملے کا الزام ریپڈ سپورٹ فورسز  پر عائد کیا ہے


ویب ڈیسک October 03, 2026

سوڈان کے العبید شہر میں ہونے والے دو ڈرون حملوں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

پہلے حملے میں کردفان یونیورسٹی کے ہاسٹل کو نشانہ بنایا گیا، جہاں طلبہ اور شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔ اس حملے میں 5 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوئے۔

اگلے روز ایک بے گھر خاندانوں کے پناہ گاہی مرکز پر ڈرون حملہ ہوا، جس میں مزید 5 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔

شمالی کردفان کی مقامی حکومت نے دوسرے حملے کا الزام ریپڈ سپورٹ فورسز  پر عائد کیا ہے، تاہم ریپڈ سپورٹ فورسز کی جانب سے فوری طور پر اس الزام پر ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اسی دوران یونیسیف نے بتایا کہ العبید میں ایک الگ پناہ گاہ پر ڈرون حملے میں ایک بچہ ہلاک اور 12 بچے زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق شہر اور اس کے گردونواح میں ڈرون حملوں کے باعث جون کے دوران ہی 45 شہری ہلاک اور 41 زخمی ہوئے تھے۔