آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز پر حملہ؛ 11 بھارتی شہری زخمی

جہاز پر 19 افراد سوار تھے جن میں سے 17 بھارتی شہری تھے جبکہ مجموعی طور پر 12 زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک October 06, 2026
آبنائے ہرمز میں سعودی آئل ٹینکر سدر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی—فائل فوٹو

آبنائے ہرمز میں عمان کے ساحل کے قریب پاناما کے پرچم بردار تیل بردار جہاز ’’ایم ٹی آن پیس‘‘ کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا جس کی تصدیق برطانیہ کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ادارے نے بھی کی ہے۔

تاہم ابتدائی رپورٹ میں جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا تاہم اب بتایا گیا ہے کہ یہ پاناما کے پرچم بردار تیل بردار جہاز ’’ایم ٹی آن پیس‘‘ ہے لیکن حملے کی نوعیت اور حملہ کس نے کیا اس حوالے سے معلومات دستیاب نہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ منگل 6 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاز پر مجموعی طور پر 19 افراد سوار تھے جن میں 17 بھارتی شہری تھے۔ حملے میں زخمی ہونے والے 12 افراد میں سے 11 کا تعلق بھارت سے ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے بتایا کہ حملے کے بعد عمانی حکام نے زخمی افراد کو جہاز سے نکال کر طبی امداد کے لیے عمان کے شہر خصب منتقل کیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملے کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا اور بغیر اجازت گزرنے والے جہازوں کو واپسی بھیجا جا رہا ہے جس سے دنیا میں تیل و گیس کی ترسیل متاثر ہوئی اور قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔