کراچی:
شہر قائد میں بہارد آباد پولیس اور شاہین فورس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او چوہدری نواز نے بتایا کہ شاہراہ فیصل شہید ملت فلائی اوور کے قریب موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو رہے تھے کے جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو شدید زخمی ہو کر موٹر سائیکل سے گر گیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
جبکہ دیگر 2 ڈاکوؤں کا تعاقب کیا گیا اور اسٹیڈیم کے قریب ڈاکوؤں سے دوبارہ مقابلے ہوا جس میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ڈاکوؤں کے قبضے سے پولیس نے 2 پستول ، گولیاں ، نقدی ، چھینے ہوئے موبائل فونز اور ایک نئی 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے ، پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی جبکہ زخمی ڈاکوؤں کو بھی جناح اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
تاہم فوری طور پر ڈاکوؤں کی شناخت نہیں ہوسکی اس حوالے سے کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ ایک ڈاکو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔