پشاور رنگ روڈ اراضی معاوضہ؛ عدالت نے قیمت نصف کردی

زرعی اراضی کو ترقی یافتہ ٹاؤن شپ کی اراضی کے برابر قرار دے کر معاوضہ مقرر نہیں کیا جاسکتا، پشاور ہائیکورٹ


ویب ڈیسک October 07, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

پشاور ہائیکورٹ نے رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضے کے تعین سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کردیا۔

جسٹس محمد فہیم ولی نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلے میں ریفرنس کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس میں عدالت نے اراضی کے معاوضے کی قیمت 8 لاکھ روپے فی مرلہ سے کم کرکے 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردی۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ زرعی اراضی کو ترقی یافتہ ٹاؤن شپ کی اراضی کے برابر قرار دے کر معاوضہ مقرر نہیں کیا جاسکتا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق معاوضے میں اضافے کا دعویٰ قابل اعتماد اور ٹھوس شواہد سے ثابت کرنا اراضی مالکان کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ شمالی پشاور رنگ روڈ کی تعمیر کے لیے تقریباً 23 کنال اراضی حاصل کی گئی تھی۔

فیصلے کے مطابق 2012 میں جاری ہونے والے ایوارڈ کے تحت اراضی کا معاوضہ 82 ہزار 380 روپے فی مرلہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم ریفرنس کورٹ نے 2022 میں معاوضے کی شرح بڑھا کر 8 لاکھ روپے فی مرلہ کردی تھی۔

پشاور ہائیکورٹ نے ریفرنس کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اب اراضی کے معاوضے کی قیمت 4 لاکھ روپے فی مرلہ مقرر کردی ہے۔