پاکستانی بینکوں میں خاموش تبدیلی

ڈیجیٹل لابیز کا مکمل طور پر روایتی برانچوں کی جگہ لینے کا امکان کم ہے لیکن یہ صارفین کی توقعات کو بدل رہی ہیں


احتشام مفتی October 08, 2026

پاکستان کا شعبہ بینکاری خاموش مگر فیصلہ کن تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ اگرچہ موبائل ایپس اور انٹرنیٹ بینکاری نے بہت پہلے ہی صارفین کے بینکوں کے ساتھ رابطے کے طریقے کو تبدیل کردیا تھا، فزیکل برانچیں جو کبھی خدمات کا مرکزی ستون سمجھی جاتی تھیں، اب جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور صارف مرکوز ماحول کے طور پر نئے انداز میں قائم کی جا رہی ہے۔ اس ارتقاء کی ایک نمایاں مثال فیصل بینک کے لاہور ریجنل آفس میں متعارف کردہ مکمل طور پر سیلف سروس ڈیجیٹل لابی ہے۔

یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہائبرڈ بینکاری ماحول، جس میں ٹیکنالوجی اور انسانی معاونت یکجا ہوتے ہیں مستقبل میں پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ماضی میں بینک برانچ جانے کا مطلب لمبی قطاروں میں کھڑا رہنا، محدود اوقات کار کے مطابق معاملات نمٹانا اور معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے بھی عملے پر انحصار کرنا تھا۔ تاہم اب صارفین تیزی، خودمختاری اور چوبیس گھنٹے دستیاب سہولت کے خواہاں ہیں اور بینک ان توقعات کو پورا کرنے کے لیے اپنی فزیکل برانچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق نئے انداز میں ڈھال رہے ہیں۔

ایف بی ایل کی ڈیجیٹل لابی صارفین کو بنیادی بینکاری خدمات خود انجام دینے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ نقد رقم جمع کروانے اور نکالنے سے لے کر اکاؤنٹ اسٹیٹمنٹ، کارڈ ایکٹیویشن اور بنیادی اکاؤنٹ مینجمنٹ تک، اب روزمرہ کی تمام لین دین عملے کی مدد کے بغیر انجام دی جاسکتی ہیں۔ ملٹی سروس مشینیں اے ٹی ایم اور کیش ڈپازٹ کی سہولت کو یکجا کرتی ہیں، جس کے ذریعے صارفین ایک ہی وزٹ میں متعدد امور انجام دے سکتے ہیں۔ اس ڈیجیٹل لابی کی ایک نمایاں خصوصیت فوری کارڈ ری پلیسمنٹ کی سہولت ہے۔

ماضی میں صارفین کو نئے ڈیبٹ یا نور کارڈ کے لیے کئی دن انتظار کرنا پڑتا تھا، تاہم مزکورہ بینک کی ڈیجیٹل لابی میں اہل صارفین پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں متبادل کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت نہ صرف ایک دیرینہ مسئلے کا مؤثر حل ہے بلکہ آٹومیشن کے عملی فوائد کو بھی واضح طور پر نمایاں کرتی ہے۔

سیکیورٹی اس نظام میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ ڈیجیٹل لابی میں بائیومیٹرک تصدیق کو شامل کیا گیا ہے، جو اکاؤنٹ اَپ ڈیٹس یا کارڈ ایکٹیویشن جیسی حساس خدمات تک محفوظ رسائی کو یقینی بناتی ہے۔ یہ طریقہ کار سہولت اور تحفظ کے درمیان متوازن امتزاج پیدا کرتا ہے، جس کی توقع ایک جدید اسلامی بینک سے ہی کی جاسکتی ہے۔ اس اقدام کے آپریشنل فوائد بھی غیر معمولی ہیں۔ معمول کے لین دین کو روایتی کاؤنٹرز سے منتقل کرکے بینک برانچوں میں رَش کو کم کیا جاسکتا ہے، عملے کی تعیناتی کو موثر بنایا جاسکتا ہے اور انسانی وسائل کو مشاورتی نوعیت کی خدمات اور پیچیدہ معاملات کے حل کی جانب منتقل کیا جاسکتا ہے۔ یہ برانچ کی خدمات کو صارفین اور عملے دونوں کے لیے بہتر بناتا ہے، جس سے کام کا ماحول منظم، پُرسکون اور بامقصد بن جاتا ہے۔

مذکورہ کا یہ اقدام پاکستان کے اسلامی بینکاری شعبے میں جاری رجحانات کی عکاسی کرتا ہے، جہاں ٹیکنالوجی پر مبنی جدتیں تیزی سے معیاری خدمات کے نئے پیمانے قائم کررہی ہیں۔ ڈیجیٹل آن بورڈنگ سے لے کر سیلف سروس انفرااسٹرکچر تک بینک سکیورٹی اور ریگولیٹری کمپلائنس کو برقرار رکھتے ہوئے کارکردگی اور سہولت کے نئے سرے سے متعین کررہے ہیں۔

ڈیجیٹل لابیز کا مکمل طور پر روایتی برانچوں کی جگہ لینے کا امکان کم ہے لیکن یہ صارفین کی توقعات کو بدل رہی ہیں۔ آج صارفین کے لیے اصل کشش خودمختاری، سہولت اور مسلسل رسائی ہے۔ بینکوں کے لیے اس کے فوائد میں توسیع پذیری، کارکردگی میں بہتری اور معیاری خدمات شامل ہیں۔جیسے جیسے پاکستان کا بینکاری شعبہ ٹیکنالوجی پر مبنی ارتقاء کی جانب بڑھ رہا ہے، مزکورہ بینک جیسے سیلف سروس ڈیجیٹل ادارے اگلی نسل کی بینکاری کی پہچان بنتے جا رہے ہیں، جو روزمرہ کے لین دین کو بغیر کسی رکاوٹ کے محفوظ اور صارف دوست بنارہے ہیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
احتشام مفتی
مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔