میڈیا اداروں کی بندش اور متاثرہ صحافیوں کی محرومیاں

21 سالہ صحافت سے بائیکیا تک کا سفر! گھر بھی بیچنا پڑا؛ ادارے کی بندش نے اسلم سلطان کی زندگی کیسے بدل دی؟


کامران سرور November 21, 2026

ڈان نیوز کی ویب سائٹ بند ہونے سے متاثر ہونے والے 12 صحافییوں میں سے اب تک صرف 3 دوبارہ صحافت سے وابستہ ہوسکے؛ جب کہ باقی صحافی اپنے گھروں کا چولہا جلائے رکھنے کے لیے دوسرے شعبوں میں روزگار تلاش کرنے پر مجبور ہوئے۔ اسلم سلطان سمیت دیگر صحافیوں کی کہانیاں میڈیا انڈسٹری میں روزگار کے عدم تحفظ اور صحافتی آزادی سے جڑے سوالات اٹھاتی ہیں۔

ایک وقت تھا جب اسلم سلطان قومی اخبارات کے نیوز ڈیسک پر اہم ذمے داریاں انجام دیتے تھے، تقریباً دو دہائیوں تک مختلف اخبارات سے وابستہ رہے لیکن ڈان نیوز کی ویب سائٹ کی بندش نے ان کی زندگی کا رخ بدل دیا۔

ملازمت ختم ہوئی تو اسلم سلطان نے روزگار کے لیے موٹر سائیکل پر رائیڈ سروس فراہم کرنا شروع کردی، لیکن جب اس آمدنی سے گھر کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا تو انہوں نے اپنا گھر فروخت کرکے ایک چھوٹا کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اس صورتحال پر ان کے خاندان کو صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا انڈسٹری کا بحران کتنا بڑا ہے؟

پاکستان کی میڈیا انڈسٹری اس وقت ایک ایسے معاشی بحران سے گزر رہی ہے جس میں ملازمتوں کا خاتمہ، تنخواہوں کی عدم ادائیگی، اخبارات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی بندش اور علاقائی بیوروز کا سکڑاؤ شامل ہے، لیکن میڈیا ملازمتوں کی مجموعی تعداد یا ختم ہونے والی ملازمتوں کا کوئی مکمل قومی ریکارڈ دستیاب نہیں۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی میڈیا اکانومی سے متعلق تحقیق کے مطابق 2002 میں پاکستان کے میڈیا سیکٹر سے تقریباً دو ہزار افراد وابستہ تھے، جب کہ 2018 تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً ڈھائی لاکھ ہوگئی تھی۔ اسی تحقیق میں 2018 کے دوران ورکنگ جرنلسٹس کی تعداد تقریباً 18 ہزار بتائی گئی۔ پائیڈ کی ایک دوسری تحقیق میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے حوالے سے صرف دو برس میں کم از کم 7,500 صحافیوں اور متعلقہ میڈیا ملازمین کے روزگار ختم ہونے کا ذکر کیا گیا۔

2025 میں بھی مختلف میڈیا اداروں میں بڑے پیمانے پر برطرفیوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ 24 مئی 2025 کو جنگ راولپنڈی اور دی نیوز سے 80 ملازمین کو فارغ کیا گیا۔ اس کے ایک ماہ بعد 21 جون کو مزید 137 میڈیا ورکرز کی ملازمتیں ختم کی گئیں، جن میں لاہور کے 129 اور ملتان کے 8 ملازمین شامل تھے، اسی دوران روزنامہ آواز بھی بند کردیا گیا۔

نومبر 2025 میں ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم نکتہ سے 37 صحافیوں کی ملازمتیں ختم ہوئیں، دسمبر میں ڈان نیوز کی اردو ویب سائٹ بند ہونے سے مزید 12 ملازمین متاثر ہوئے۔ نومبر میں جی ٹی وی سے بھی تقریباً 50 ملازمین کی برطرفی رپورٹ ہوئی۔ ڈان گروپ کے ماہنامہ اورورا کی اشاعت بھی اگست 2025 میں بند ہوچکی تھی۔

2026 میں بھی یہ سلسلہ نہیں رکا۔ مارچ میں ابتک نیوز کے اسلام آباد بیورو سے 8 صحافیوں اور اسی ماہ آج نیوز نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ سمیت مختلف دفاتر سے 50 سے زائد ملازمین کو برطرف کیا۔ مئی میں سنو نیوز سے تقریباً 170 ملازمین کو نکالا گیا جس پر وفاقی وزیر اطلاعات نے سرکاری اشتہارات روکنے کا اعلان کیا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی ادائیگی اور مزید برطرفیاں نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد اشتہارات بحال کردیے گئے۔ اس کے باوجود تمام متاثرہ ملازمین کو واپس نہیں لیا گیا۔

جون 2026 میں اے ٹی وی کی بندش سے 300 سے زائد افراد بے روزگار ہوئے، اسی ماہ پیمرا کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کراچی میں میٹرو ون نیوز چینل بند کردیا گیا، جس سے 120 سے زائد میڈیا ورکرز متاثر ہوئے۔ جولائی میں روہی ٹی وی نے ملتان سے کم از کم 36 کارکنوں کو فارغ کیا، اگست میں ڈان نیوز چینل نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے بیوروز سے 60 سے زائد افراد کو برطرف کیا۔

یہ اعدادوشمار بھی مکمل تصویر پیش نہیں کرتے، کیونکہ چھوٹے اخبارات، علاقائی چینلز، بیوروز، کنٹریکٹ ملازمین، کیمرہ مین، ڈرائیورز اور پروڈکشن ورکرز کی بہت سی برطرفیاں کسی مرکزی ڈیٹا بیس میں درج ہی نہیں ہوتیں۔

’بیشتر اداروں میں تنخواہوں کی ادائیگی کا باقاعدہ نظام موجود نہیں‘

اسلم سلطان نے ڈان نیوز میں ڈیڑھ سال کام کیا، ویب سائٹ کی بندش کے بعد انہیں ملازمت کی کئی پیشکشیں ہوئیں، لیکن بیشتر اداروں میں تنخواہوں کی ادائیگی کا کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا، اسی لیے انہوں نے ان پیشکشوں کو قبول نہیں کیا۔

موٹر سائیکل پر رائیڈ سروس شروع کرنے کے فیصلے کے بارے میں وہ بتاتے ہیں کہ اس کا مقصد گھر کا چولہا جلائے رکھنا تھا، جب کہ وہ موجودہ میڈیا انڈسٹری میں عامل صحافیوں کے لیے کام کرنے کی صورتِ حال کو ذہنی اذیت سے کم نہیں سمجھتے۔

اسلم سلطان بتاتے ہیں کہ گھر فروخت کرنے کا فیصلہ بھی اچانک نہیں کیا گیا ، وہ دورانِ ملازمت ہی اس نتیجے پر پہنچ چکے تھے کہ میڈیا میں فل ٹائم کام کرکے گھر چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے، کیونکہ ایک طرف تنخواہیں کم ہیں اور دوسری طرف کئی اداروں میں کئی ماہ تک تنخواہیں نہ ملنا معمول بن چکا ہے جب کہ انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سرمائے کی ضرورت تھی، جس کے لیے انہوں نے گھر فروخت کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاروبار کے اخراجات 6 ماہ بعد اب جاکر پورے ہونا شروع ہوئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں حالات بہتر ہوں گے۔

’ملازمت کے دوران بھی معاشی تحفظ نہیں‘

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جوائنٹ سیکریٹری اور سینئر صحافی عمران جونیئر کے مطابق صحافیوں کو ملازمت کے دوران کم تنخواہوں، بروقت ادائیگی نہ ہونے، ملازمت کے عدم تحفظ، مہنگائی اور بنیادی مراعات کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متعدد صحافی تحریری ملازمت کے معاہدے، سالانہ انکریمنٹ، میڈیکل انشورنس اور پراویڈنٹ فنڈ جیسی سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔

عمران جونیئر کے مطابق بعض صحافیوں کو فیلڈ میں کام کے دوران سفری اخراجات، موبائل فون اور انٹرنیٹ کے اخراجات بھی اپنی جیب سے برداشت کرنا پڑتے ہیں، جبکہ اچانک برطرفیوں کا خدشہ ان کے معاشی مستقبل کو غیر یقینی بنائے رکھتا ہے۔

ملازمت ختم ہونے کے بعد واجبات کا تنازع

ڈان نیوز کی اردو ویب سائٹ کی بندش سے متاثر ہونے والے ایک اور صحافی رحیم بخش ساگر نے بتایا کہ ملازمت ختم ہونے کے بعد ان کی آمدنی میں تقریباً 80 فیصد کمی واقع ہوئی، ان کی بنیادی آمدنی تنخواہ تھی، جب کہ فری لانس کام سے حاصل ہونے والی رقم مستقل نہیں تھی اور انہیں طویل عرصے تک صحافت میں مستقل ملازمت نہیں مل سکی اور اس دوران انہوں نے اپنے اخراجات کم کیے، دوستوں سے مالی مدد لی اور کچھ عرصے کے لیے مواصلات سے متعلق دوسرے شعبے میں بھی کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے کسی دوسرے شعبے میں ملازمت یا اضافی مالی معاوضے کی پیشکش نہیں کی گئی تھی، جب کہ پوری ٹیم کے لیے استعفے کا ایک مخصوص فارمیٹ تیار کیا گیا تھا جو اکثریت نے خاموشی سے قبول کرلیا، تاہم انہوں نے استعفے کے متن میں کچھ ترمیم کروائی تاکہ یہ واضح ہو کہ ملازمت ختم ہونے کی وجہ ویب سائٹ کی بندش ہے، نہ کہ ان کا رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنا۔

سینئر صحافی عمران جونیئر کے مطابق ملازمت ختم ہونے کے بعد صحافیوں کو بقایا تنخواہوں، گریجویٹی، پراویڈنٹ فنڈ اور نوٹس پیریڈ کی ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ تحریری ملازمت کے معاہدے واجبات کے حصول کے لیے قانونی کارروائی کو مشکل بنا دیتی ہے، ایسے میں طویل عدالتی کارروائی اور وکیل کی فیس متاثرہ ملازمین کے لیے اضافی مالی بوجھ بن جاتی ہے۔

استعفے اور برطرفی کے درمیان قانونی فرق

اس معاملے پر ہائی کورٹ کے وکیل ایڈووکیٹ عدنان کھتری کہتے ہیں کہ صرف تحریری استعفیٰ موجود ہونا اس بات کا حتمی ثبوت نہیں کہ ملازم نے اپنی مرضی سے ملازمت چھوڑی تھی، عدالت ایسے معاملات میں پس منظر، حالات، استعفے کی وجوہات اور کسی ممکنہ دباؤ یا جبر کا جائزہ لے سکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے متعلقہ حالات اور شواہد اہم ہوتے ہیں۔

ایڈووکیٹ عدنان کھتری کا کہنا تھا کہ ملازمت کے تنازعات میں ایک بڑی مشکل یہ بھی ہے کہ متاثرہ ملازمین کو اکثر معلوم نہیں ہوتا کہ انہیں کس فورم سے رجوع کرنا چاہیے، بعض معاملات میں لیبر کورٹ، متعلقہ اجرتی اتھارٹی، محکمہ محنت یا دوسرے قانونی فورمز سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ بے روزگاری، وکیل کی فیس، قانونی کارروائی کے اخراجات اور جبر کو ثابت کرنے کے لیے شواہد جمع کرنا متاثرہ صحافیوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے۔ بعض ملازمین ان مسائل سے بچنے کے لیے اپنے واجبات کی جزوی ادائیگی قبول کرنے پر بھی مجبور ہوجاتے ہیں۔

12 سالہ ملازمت کے عوض صرف 2 لاکھ روپے کی گریجویٹی کی پیشکش

ڈان نیوز کی بندش سے متاثر ہونے والے صحافی عاطف راجا نے انتظامیہ کی جانب سے استعفیٰ دینے کے مطالبے کو قبول نہیں کیا، ان کے مطابق وہ 11 سے 12 سال تک ادارے سے وابستہ رہے اور اسطرح ملازمت ختم ہونے کے فیصلے کو غیر منصفانہ سمجھتے تھے، اسی لیے انہوں نے استعفیٰ دینے کے بجائے قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

عاطف راجا کے مطابق گریجویٹی کی مد میں تقریباً دو لاکھ روپے کی رقم زیرِ بحث آئی، لیکن وہ اسے اپنی ملازمت کے عرصے کے مقابلے میں ناکافی سمجھتے تھے جب کہ غیر استعمال شدہ سالانہ چھٹیوں اور دیگر واجبات کا معاملہ بھی حل نہیں ہوسکا، جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔
ان کے مطابق ابتدائی قانونی کارروائی میں عدالت نے ان کے عہدے اور ملازمت کی نوعیت کی بنیاد پر متعلقہ فورم کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھایا اور انہیں دوسرے فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ عاطف راجا نے اس فیصلے کو چیلنج کیا اور مزید سماعت کے لیے فل بینچ کی تشکیل کا انتظار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کے دوران قانونی کارروائی کے اخراجات برداشت کرنا بھی آسان نہیں۔ وکیل کی تلاش، فیس، سفر، دستاویزات اور دیگر اخراجات ایسے شخص کے لیے اضافی بوجھ بن جاتے ہیں جس کی مستقل آمدنی پہلے ہی ختم ہوچکی ہو۔

’صحافیوں کو اپنے حقوق کے لیے خود بھی آگے آنا ہوگا‘

صحافیوں کے معاشی تحفظ اور ملازمت ختم ہونے کی صورت میں ان کی مدد کے حوالے سے کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹری جنرل رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ ملازمت سے برطرفی یا واجبات کی عدم ادائیگی جیسے معاملات میں بنیادی ذمہ داری صحافتی یونین کی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یونین کو انتظامیہ سے بات کرنی چاہیے، احتجاج کرنا چاہیے اور ضرورت پڑنے پر متاثرہ صحافی کو قانونی مدد بھی فراہم کرنی چاہیے۔

رضوان بھٹی کے مطابق گزشتہ 8 سے 10 برس میں صحافتی تنظیموں کے اندر تقسیم نے صحافیوں کی اجتماعی قوت کو کمزور کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں بڑی تنظیموں کے متعدد دھڑوں میں تقسیم ہونے سے صحافیوں کے مشترکہ مفادات متاثر ہوئے ہیں۔

رضوان بھٹی کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ملازمت سے نکالے جانے یا واجبات کے تنازعات میں قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے پریس کلب اور یونینز اپنے وکلا کے ذریعے معاونت بھی کرتی ہیں۔ تاہم ان کے مطابق صحافیوں کو بھی اپنے حقوق کے لیے آگے آنا ہوگا۔

وہ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کئی صحافی انتظامیہ کے خلاف آواز اٹھانے سے اس خوف کے باعث گریز کرتے ہیں کہ کہیں دوسرے میڈیا ادارے انہیں ملازمت نہ دیں۔ ان کے مطابق ملازمت کھونے کے بعد دوبارہ روزگار نہ ملنے کا خدشہ صحافیوں کو احتجاج سے روکتا ہے۔

دوسری جانب، بے روزگار ہونے کے بعد صحافی تنظیموں کی جانب سے رابطے سے متعلق سوال پر اسلم سلطان نے بتایا کہ کسی صحافتی تنظیم نے ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی قسم کی مدد کی پیشکش کی گئی، چونکہک وہ خود بھی کسی تنظیم کے رکن نہیں رہے۔ البتہ ان کا ماننا ہے کہ صحافتی تنظیمیں تقسیم در تقسیم کا شکار ہیں اور ان کی توجہ عامل صحافیوں کی فلاح و بہبود کے بجائے دیگر معاملات پر زیادہ ہے۔

اسلم سلطان کے مطابق صحافتی تنظیموں میں نئے چہروں کو آگے لانے اور دھڑے بندی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول عملی صحافت کرنے والے صحافی پہلے ہی دو دو ملازمتیں کرکے بمشکل گھر چلا رہے ہیں، ایسے میں ان کے لیے تنظیمی سرگرمیوں میں وقت نکالنا بھی مشکل ہوتا ہے۔

’سیاسی اثرورسوخ نے میڈیا ورکرز کے معاشی مسائل بڑھائے‘

ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن (دیپ) کے چیئرمین اور سینئر صحافی ذاکر اعوان کہتے ہیں کہ میڈیا میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا مسئلہ الیکٹرانک میڈیا کی آمد سے پہلے کا ہے جب پرنٹ میڈیا میں صحافی کئی کئی ماہ تنخواہوں کو ترستے رہتے تھے جب کہ الیکٹرانک میڈیا کے آنے بعد کچھ عرصے تک تنخواہوں کی ادائیگی کی صورت حال تو بہت اچھی رہی مگر صحافت میں پیراشوٹرز کی انٹری دھڑلے سے ہونے لگی جس سے صحافت کا معیار دن بدن گرنا شروع ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ افسران کو خوشامدی اور جی حضوری والے پسند آنے لگے اور باصلاحیت افراد کو دیوار سے لگایا جانے لگا، یوں الیکٹرانک میڈیا کی تباہی کے ذمہ دار بھی انہی نام نہاد بڑے صحافیوں کو قرار دیا جا سکتا ہے جنہیں مالکان نے سیاہ وسفید کا مالک بنایا مگر انہوں نے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اقربا پروری کو پروان چڑھایا جس سے صحافت میں پیراشوٹرز داخل ہوئے جو میڈیا ہاؤسز سے تنخواہیں لیکر بھی اپنے نظریات یا پیسوں کے لالچ میں مختلف تنظیموں، سیاسی و لسانی جماعتوں کی ترجمانی کرنے لگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے آنے والے چینلز نے صحافت کے بجائے صرف بلیک میلنگ شروع کردی، ان حالات میں حکومتیں اور اسٹیبلشمنٹ نے بھی اپنا اثر و رسوخ بڑھانا شروع کر دیا اور میڈیا جو پہلے ہی باصلاحیت صحافیوں سے خالی اور اقربا پروری اور سفارشیوں کی فوج سے بھر چکا تھا، دھڑام سے سیاسی جماعتوں، حکومتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی جھولی میں جا گرا۔

معاشی عدم تحفظ اور صحافتی آزادی کا تعلق

میڈیا انڈسٹری میں معاشی بحران کے ساتھ آزادی صحافت کا بحران بھی موجود ہے۔ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2026 میں پاکستان 180 ممالک میں 153ویں نمبر پر ہے، جبکہ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈر کے اکنامک انڈیکیٹر میں پاکستان کی پوزیشن 161ویں ہے۔ 2025 میں پاکستان مجموعی انڈیکس میں 158ویں نمبر پر تھا۔

عمران جونیئر کے مطابق معاشی عدم تحفظ صحافیوں کی پیشہ ورانہ خودمختاری کو متاثر کرسکتا ہے، جب صحافی اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کیلیے مالی مشکلات کا شکار ہو تو طاقتور حلقوں، اشتہاری مفادات یا ادارتی دباؤ کے سامنے آزادانہ فیصلے کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

ایڈووکیٹ عدنان کھتری کے مطابق معاشی دباؤ اور ملازمت کھونے کا خوف صحافیوں کو تنقیدی رپورٹنگ سے گریز کرنے پر مجبور کرسکتا ہے۔ رضوان بھٹی بھی اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صحافیوں میں ملازمت کھونے اور دوسرے اداروں میں جگہ نہ ملنے کا خوف موجود ہے۔

ڈان نیوز کا موقف جاننے کیلیے ’ڈان نیوز ڈاٹ کام‘ کے ایچ آر ڈیپارٹمںٹ سے رابطہ کیا گیا اور انہیں سوالنامہ بھیجا گیا تھا مگر ان کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل نہیں آیا۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تحریر کردہ
کامران سرور
مصنف کی آراء اور قارئین کے تبصرے ضروری نہیں کہ ایکسپریس ٹریبیون کے خیالات اور پالیسیوں کی نمائندگی کریں۔