بڑھاپا ختم کرنے کی دوائیں چھپ کر بنائی جارہی ہیں اور یوں لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔ اس لیے تمام لائسنس یافتہ فارمیسی کو دوائیں بنانے کی اجازت دے دیں۔ اس طرح کم از کم آنکھوں کے سامنے تو آجائے گا۔
حال ہی میں امریکا میں چھ غیر منظور شدہ پیپٹائڈ کے بارے میں نئی عبوری پالیسی سامنے آئی ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط کے ساتھ لائسنس یافتہ فارمیسی اور معالجین کو ان کی تیاری کے معاملے میں عارضی قانونی رعایت دی گئی ہے تاکہ ان پیپٹائڈ کی تیاری کو ایسے ضابطہ جاتی دائرے میں لانا بھی ہے، جہاں خام مال کے معیار، نسخے، لیبلنگ اور مضر اثرات کی نگرانی سے متعلق کچھ شرائط نافذ ہیں۔
گوکہ یہ باقاعدہ دوا کی منظوری نہیں لیکن ضرورت مند یا خواہشمند کےلیے دستیاب ہوگی۔ یعنی حفاظت یا افادیت کی حتمی سائنسی تصدیق کے بغیر ہی۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا انسان واقعی بڑھاپے کو شکست دینے کے قریب پہنچ رہا ہے، یا جدید سائنس کے نام پر انسان کی ایک دیرینہ خواہش کو تجارتی خواب میں تبدیل کیا جارہا ہے؟
حضرت انسان کی اکثریت ہمیشہ سے وقت کی بے رحم گرفت سے فرار اور لافانیت کا متلاشی یا خواہشمند رہی ہے۔ وہ ایک ایسی جادوئی دوا کا خواب دیکھتی ہے جو بڑھتی عمر کے اثرات کو روک دے، جسم کی تھکن ختم کر دے اور زخموں کو راتوں رات ایسے بھر دے جیسے وہ کبھی تھے ہی نہیں۔ سائنس کی جدید اور پرکشش اصطلاح میں اس خواب کو پیپٹائڈ سے جوڑا جارہا ہے۔
پیپٹائڈ امینو ایسڈز کی چھوٹی زنجیریں ہیں جو ہمارے جسم میں خلیاتی سطح پر پیغام رسانی سمیت متعدد حیاتیاتی افعال میں کردار ادا کرتی ہیں۔ خیال یہ ہے کہ اگر جسم کے فطری نظام کو باہر سے مصنوعی مادے فراہم کرکے تیز کر دیا جائے تو شاید ہم بڑھاپے کے عمل کو مات یا کم از کم کمزور کر سکیں۔ اسی خواہش نے اینٹی ایجنگ اور فٹنس کی دنیا میں ایک ایسی بلائنڈ ریس (اندھی دوڑ) کو جنم دیا ہے جہاں سائنسی حقائق سے زیادہ خواب فروخت ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
حالیہ امریکی فیصلے کو سمجھنے کے لیے دو الگ تصورات میں فرق کرنا ضروری ہے۔ پہلا کسی دوا کی باقاعدہ منظوری یا دعووں کو فروخت کرنے کا اختیار ہے، جس میں اس دوا کی حفاظت، افادیت اور معیار کے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے۔ دوسرا فارمیسی میں کسی مخصوص مریض کی ضرورت کے مطابق دوا تیار کرنے کی اجازت یا اس ضمن میں قانونی کارروائی سے عارضی رعایت ہے۔ ویسے دونوں ایک دوسرے کے متبادل نہیں۔
فارمیسی میں دوا تیار کرنے کا عمل کمپاؤنڈنگ کہلاتا ہے جو بعض مخصوص طبی ضروریات پوری کرنے کے لیے پہلے سے موجود ہے۔ مثلاً جب کسی مریض کو منظور شدہ دوا کی دستیاب شکل سے مختلف خوراک یا ایسی تیاری درکار ہو جو اس کی انفرادی ضرورت پوری کرسکے۔ دوسری طرف اس عمل کے تحت تیار کرنے کی اجازت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ اسے عام استعمال کے لیے محفوظ اور مؤثر ثابت کر دیا گیا ہے۔ کمپاؤنڈنگ میں بعض شرائط کی پابندی ضروری ہے، جن میں خام مال کے معیار، مخصوص طبی نسخے، لیبلنگ اور حفاظتی نگرانی سے متعلق تقاضے شامل ہیں۔ یہ شرائط خطرات کم کرنے کی کوشش ہیں، یہ ہرگز بھی اس بات کا ثبوت نہیں کہ متعلقہ پیپٹائڈ انسانوں میں مطلوبہ فائدہ ضرور پہنچائیں گے۔
پیپٹائڈ کے گرد امیدوں کا بازار گرم ہے جبکہ ہم جانتے ہیں کہ کسی مادے کے بارے میں لیبارٹری یا جانوروں پر کی گئی تحقیق کا مثبت نتیجہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ انسانوں میں بھی محفوظ اور مؤثر ثابت ہوگا۔ یہیں سائنسی تحقیق اور تجارتی اشتہارات کے راستے جدا ہوتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کسی شخص کا بہتر محسوس کرنا، کسی کھلاڑی کی جسمانی بحالی یا کسی تجربے میں مثبت نتیجہ سامنے آنا دلچسپی ضرور پیدا کر سکتا ہے، لیکن یہ مضبوط طبی ثبوت کا متبادل نہیں۔ میرے خیال سے انسانوں میں مناسب کلینیکل ٹرائلز، درست خوراک، طویل مدتی حفاظتی، ممکنہ مضر اثرات اور مختلف مریضوں پر نتائج کا جائزہ لیے بغیر کسی پیپٹائڈ کو معجزاتی علاج قرار دینا غیر ذمہ دارانہ ہوگا۔
جسم کے قدرتی نظام سے چھیڑ چھاڑ کے ممکنہ خطرات سے آگہی رکھنا بےحد ضروری ہے۔ ان مادوں کے بارے میں احتیاط کی ضرورت محض اس لیے نہیں کہ ان کے فوائد پوری طرح ثابت نہیں ہوئے بلکہ اس لیے بھی ہے کہ ان کی تیاری، خالص پن، خوراک اور انسانی جسم پر اثرات کے بارے میں اہم سوالات موجود ہیں۔ بعض پیپٹائڈس کے حوالے سے مدافعتی ردِعمل، مادے میں غیر مطلوبہ ملاوٹ، پیپٹائڈ کی ساخت اور معیار کی درست شناخت اور بعض صورتوں میں سنگین مضر اثرات کے شواہد و خدشات موجود ہیں۔
یہ بھی بہت اہم ہے کہ ہر پیپٹائڈ کے خطرے کو ایک جیسا نہ سمجھا جائے۔ بعض مادوں کے بارے میں مخصوص تجرباتی نتائج تشویش پیدا کرتے ہیں لیکن ان نتائج کو تمام پیپٹائڈ پر یکساں طور پر لاگو کرنا درست نہیں۔ دوسری طرف اسی طرح کینسر کے خطرے کا ذکر کرتے ہوئے بھی یہ واضح ہونا چاہیے کہ کس مادے کے بارے میں، کس تحقیق میں اور کن حالات میں ایسا خدشہ سامنے آیا۔ خلیاتی نشوونما پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت بذاتِ خود یہ ثابت نہیں کرتی کہ ہر پیپٹائڈ انسان میں کینسر پیدا کرے گا۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ جب کسی مادے کی حفاظت کے بارے میں ضروری معلومات موجود نہ ہوں تو اس کے طویل مدتی نتائج کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے۔ ایسی صورت میں احتیاط خوف پھیلانے کا نام نہیں بلکہ سائنسی دیانت داری کا تقاضا ہے۔
کیا انسان واقعی بڑھاپے کو شکست دے سکے گا؟ اس ضمن میں سائنس یقیناً زندگی کو بہتر بنانے، بیماریوں کے علاج اور عمر رسیدگی سے متعلق مسائل کو سمجھنے میں غیر معمولی پیش رفت کر رہی ہے۔ پیپٹائڈ بھی تحقیق کا ایک اہم موضوع ہیں لیکن تحقیق کے امکان، ابتدائی نتائج اور ثابت شدہ علاج کے درمیان ایک طویل فاصلہ موجود ہے۔ اس فاصلے کو اشتہار، شہرت یا کسی قانونی رعایت کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جاسکتا۔
دنیا میں شروع ہونے والی منظوری کی اس نئی لہر کو نہ تو تمام پیپٹائڈ کے لیے سائنسی توثیق سمجھنا چاہیے اور نہ ہی یہ فرض کرنا چاہیے کہ ہر ایسا مادہ لازماً نقصان دہ ہے۔ درست راستہ یہ ہے کہ ہر پیپٹائڈ کا الگ جائزہ لیا جائے، اس کے معیار اور تیاری کی نگرانی کی جائے، انسانی تحقیق کے نتائج سامنے لائے جائیں اور مریضوں کو غیر ثابت شدہ دعوؤں سے محفوظ رکھا جائے۔ ویسے آفاقی اصولوں میں کوئی شارٹ کٹ مفت دستیاب نہیں، ہر مداخلت کے فوائد کے ساتھ اس کے ممکنہ نقصانات کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ پیپٹائڈ کا یہ نیا ضابطہ جاتی قدم طبی دنیا میں ایک اہم پیش رفت ہو سکتا ہے لیکن اسے آبِ حیات سمجھنے کا زندہ احساس موجود نہیں۔
صحت اور فٹنس کے نام پر ان مادوں کی طرف بڑھنے والے ہر شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ خوابوں کی دنیا سے نکل کر مستند طبی شواہد اور زمہ دار انسان معالج کی مشاورت کو بنیاد بنائے ۔علم الادویہ کا اصل کمال انسان کو لافانی ہونے کا خواب بیچنا نہیں بلکہ اسے بہتر ، محفوظ اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دینا ہے۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔