اسلام آباد:
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان کا عالمی امن کے لیے کردار قابل ستائش ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس وزارت داخلہ پہنچے، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال اور امن مشنز کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے۔ افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں کام کر رہی ہیں، جو دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھے گا۔ پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار اقوام متحدہ پولیس میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان نے امن مشنز میں 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ دنیا کے امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
آخر میں وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور امداد پر جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کیا۔ اسپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورۂ پاکستان مکمل
دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا پاکستان کا سرکاری دورہ مکمل ہوگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاکستان کی قیادت اور اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں امنگوں کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کا مطالبہ بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بریفنگ دی۔ نائب وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
سیکریٹری جنرل کے دورے میں نائب وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور حق خودارادیت و آزاد ریاست کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل نے افغانستان، انسداد دہشت گردی، علاقائی و عالمی امن و سلامتی، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل پر تبادلہ خیال بھی کیا۔
دورۂ پاکستان کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی صدر پاکستان سے ملاقات ہوئی اور انتونیو گوتریس کو خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز عطا کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس کی چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف اور وفاقی وزیر داخلہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔ سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی دیرینہ خدمات، امن مشنز میں اہم کردار اور مذاکرات، ثالثی و عالمی تعاون کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو این ڈی ایم اے میں آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ابتدائی انتباہی نظام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ انتونیو گوتریس نے فارن سروس اکیڈمی میں ’بدلتی دنیا میں کثیرالجہتی نظام کا استحکام، جغرافیائی سیاست اور اقوام متحدہ کا کردار‘ کے موضوع پر خصوصی لیکچر میں شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کو مرکز رکھتے ہوئے کثیرالجہتی نظام اور منشور کے مقاصد و اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔