وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارتوں میں ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے نفاذ پر پیشرف جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے خصوصی ہدایت دی کہ تمام وفاقی وزارتیں متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، وفاقی وزارتوں کی ذمہ داریاں کارکردگی اور متعلقہ ڈیٹا کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی حکومتی نظام کو عصر حاضر سے ہم آہنگ کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کا مقصد درحقیقت قومی سطح پر شہریوں کے لیے موثر اور باسہولت خدمات کو یقینی بنانا ہے، قومی سطح پر تمام شعبوں اور حکومتی اداروں کے کارآمد ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی ملکی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے، مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عمل درامد میں اداروں کے مابین اعداد و شمار کی شراکت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزارتوں کی کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن دراصل کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سد باب کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے، قومی سطح پر صوبائی حکومتوں کے تعاون سے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے قابل تعریف اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیو ار کوڈ کا نفاذ لائق تحسین ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی تمام متعلقہ وزارتوں کے بھرپور تعاون کے ساتھ متعلقہ شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے، عوام کی سہولت کے پیش نظر بنیادی سہولت کے شعبوں بالخصوص صحت، زراعت اور دیگر وزارتوں میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔
بریفنگ کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت قانون کے تعاون سے متعلقہ قومی قوانین کی ایک جگہ فراہمی کے لیے خصوصی اور موثر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مستقبل میں قانون سازی کے لیے بہتر رہنمائی مل سکے، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ترجیحاتی سیکٹرز کی ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے اور ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل عوامی سہولت جیسے مقاصد کی تکمیل کے لیۓ خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ڈیجیٹل نیشن پروگرام کے تحت وفاقی وزارتوں کی کارکردگی، متعلقہ اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن پر پیشرفت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
مختلف وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات، کارکردگی اور متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی پر بریفنگ دی۔ وفاقی وزارت صحت سے متعلقہ اعداد و شمار کی مرکزی ڈیٹا سینٹر میں فراہمی اور ادویات کی معیاری تصدیق میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال پر خصوصی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے متعلقہ ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے کے عمل کومعینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال خان،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیرقومی صحت سید مصطفی کمال، وفاقی وزیر براۓ انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔