حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر داغے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تھا تاہم اس کا ملبہ گرنے سے کچھ عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سول ڈیفنس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کی تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ملبہ گرنے کے نتیجے میں کوئی ہلاکت ہوئی یا کوئی شخص زخمی ہوا ہے یا نہیں۔
سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاض میں ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں روک لیا گیا جس کے بعد میزائل کے ٹکڑے شہر کے مختلف مقامات پر گرے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میزائل کے ان ٹکڑوں کی زد میں آکر ایک کنڈرگارٹن اسکول اور طبی سہولیات پر مشتمل کمپلیکس کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی دارالحکومت میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔ حالیہ دنوں میں یمن سے سعودی عرب کی جانب میزائل اور ڈرون حملوں کے باعث ریاض سمیت مختلف علاقوں میں فضائی دفاعی نظام کو متحرک کیا گیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے روک لیا گیا تاہم اس کے ملبے نے شہری تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ متاثرہ مقامات اور نقصان کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔