یمن کے حوثیوں کے ابھا اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر میزائل اور ڈرونز حملوں کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آنے اور وہاں سے جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
خلیج نیوز کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ چند روز کے دوران دو ہوائی اڈّوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد متعدد بین الاقوامی اور مقامی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے پروازیں منسوخ یا مؤخر کردی ہیں۔
سنگاپور ایئرلائنز نے ریاض کے لیے اپنی نئی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ 28 مارچ تک مؤخر کردیا ہے۔ فلپائن ایئرلائنز نے بھی سعودی دارالحکومت کے لیے پروازیں کم از کم 11 اکتوبر تک منسوخ کردی ہیں۔
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ کے علاوہ مصر ایئر، انڈیگو اور ایئر انڈیا نے بھی جمعرات کو ریاض سے روانہ ہونے والی درجنوں پروازیں منسوخ کردیں۔
اسی طرح کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ چند دنوں کے دوران فضائی آپریشن کئی گھنٹوں کے لیے بار بار بند کیا گیا اور صورت حال بہتر ہونے پر دوبارہ بحال کیا گیا تھا۔
حوثیوں کے مسلسل فضائی حملوں کے باعث سعودی حکام کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ایئرپورٹس پر طیاروں کے محفوظ انداز میں لینڈنگ اور ٹیک آف کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ابہا ایئرپورٹ بھی حالیہ حملوں کی زد میں آیا ہے جس کے باعث خطے میں فضائی سفر کے معمولات مزید متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے۔