امریکا میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ، 9 افراد ہلاک، 2 بچے بھی شامل

ایری پولیس چیف نے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 28 سالہ تجربے میں اس نوعیت کا سانحہ نہیں دیکھا۔


ویب ڈیسک October 10, 2026

امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر ایری میں فائرنگ کے ایک المناک واقعے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس کو شام تقریباً 5 بجے پیری اسٹریٹ کے علاقے میں فائرنگ کی اطلاع ملی جہاں ایک مسلح شخص کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد وہ ایک گھر میں داخل ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق دو خواتین کی لاشیں گھر کے باہر جبکہ دیگر متاثرین کی لاشیں گھر کے اندر سے ملیں پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو بھی مردہ پایا جس کے بارے میں ابتدائی اطلاعات ہیں کہ اس نے خود کو گولی مار کر ہلاک کیا۔

اس واقعے کے بعد پولیس اور خصوصی سیکیورٹی اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے کارروائی کی۔

ایری پولیس چیف رک لوراہ نے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے 28 سال سے زائد کے تجربے میں انہوں نے اس نوعیت کا سانحہ نہیں دیکھا۔

پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور شہر کی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

حکام کے مطابق علاقے میں اب عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم فائرنگ کے محرکات اور واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس نے تاحال متاثرین کی شناخت اور حملے کی وجہ کے بارے میں حتمی معلومات جاری نہیں کیں۔