خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلے پر پشاور، بنوں، ڈی آئی خان میں جشن

شہریوں نے مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اقدام کو امن و استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا


ویب ڈیسک October 11, 2026

پشاور:

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی منظوری اور گورنر راج کے نفاذ کے فیصلے پر پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں سمیت مختلف علاقوں میں شہریوں نے جشن منایا، مٹھائیاں تقسیم کیں اور وفاقی حکومت کے اقدام کو امن و استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔

پشاور میں شہریوں نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ پر خوشی کا اظہار کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بعض شہریوں نے اس اقدام کو پی ٹی آئی حکومت سے نجات کا دن قرار دیتے ہوئے اسے یومِ نجات کے طور پر منایا۔

ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں بھی ایمرجنسی کی منظوری اور گورنر راج کے فیصلے پر جشن کا سماں رہا۔ شہریوں نے مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شہری ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر خوش ہیں۔ ان کے مطابق سابقہ دور حکومت میں کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے اور عوام کو مختلف مسائل کا سامنا رہا۔

شہریوں نے امید ظاہر کی کہ نئے انتظامی سیٹ اَپ کے تحت صوبے میں ترقیاتی کاموں کو فروغ ملے گا، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگی اور عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ بعض شہریوں نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق اٹک، ٹیکسلا، سوہاوہ اور گوجر خان میں بھی اس فیصلے پر جشن منایا گیا اور شہریوں نے مٹھائیاں تقسیم کرکے خوشی کا اظہار کیا۔