حوثی حملے؛ ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر تک بند؛ سعودیہ کیلیے متعدد عالمی پروازیں معطل

حوثیوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو دو بار نشانہ بنایا جس میں ایک درجن کے قریب افراد جاں بحق ہوئے


ویب ڈیسک October 12, 2026
حوثیوں کے ایئرپورٹس پر حملے کے بعد ریاض کی پروازیں منسوخ؛ (فوٹو: فائل)

حوثیوں کے حملے کے بعد ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 17 اکتوبر تک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ متعدد ایئرلائنز نے سعودی عرب کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازیں معطل کردیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے ریاض، دمام اور جدہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے پروازیں منسوخ یا معطل کردی ہیں۔

ایئرلائنز نے متاثرہ مسافروں کو سفر سے پہلے اپنی پروازوں کی تازہ صورت حال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ دوبارہ بکنگ اور متبادل سفری انتظامات کے بارے میں معلومات مل سکے۔

بحرین کی ایئرلائن گلف ایئر نے 12 سے 17 اکتوبر کی درمیانی شب تک ریاض آنے اور جانے والی تمام پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسی طرح اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی سے ریاض، جدہ اور دمام کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

امارات ایئرلائن نے بھی دبئی سے ریاض، دمام اور جدہ کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کی ہیں، جبکہ مدینہ کے لیے بعض پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ فلائی دبئی نے ریاض اور دمام کے لیے 12 اور 13 اکتوبر کی متعدد پروازیں منسوخ کی ہیں۔

جرمنی کے لفتھانزا گروپ نے ریاض کے لیے پروازیں 16 اکتوبر تک منسوخ کردی ہیں، جبکہ ایئر فرانس اور کے ایل ایم نے سعودی دارالحکومت کے لیے پروازوں کی معطلی اکتوبر کے اختتام تک بڑھا دی ہے۔

بھارتی ایئرلائن انڈیگو نے ریاض اور دمام کے لیے پروازیں 15 اکتوبر تک منسوخ کی ہیں، جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس نے دمام اور جدہ کے لیے 12 اکتوبر کی پروازیں منسوخ کیں اور ریاض کا آپریشن 15 اکتوبر تک معطل رکھا ہے۔

اکاسا ایئر نے ریاض اور جدہ کے لیے 13 اکتوبر تک پروازیں روک دی ہیں۔ فلپائن ایئرلائنز نے ریاض کے لیے پروازوں کی معطلی 29 نومبر تک بڑھا دی ہے۔ 

یاد رہے کہ حوثیوں نے ہفتے کو ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 13 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اسی طرح گزشتہ پیر کو ریاض کے ہوائی اڈے پر حوثیوں کے ایک اور حملے میں پائلٹ جاں بحق جبکہ 11 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔