خیبرپختونخوا میں بدامنی کی ویڈیوز کی حقیقت سامنے آگئی

شام میں ہونے والے مظاہرے کی ویڈیو کو خیبرپختونخوا سے جوڑا جارہا ہے، وزارت اطلاعات فیکٹ چیک


ویب ڈیسک October 12, 2026

وزارت اطلاعات و نشریات نے خیبرپختونخوا میں بدامنی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعوؤں پر ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیوز ملک شام وغیرہ کی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے فیکٹ چیک تفصیلات جاری کی گئیں۔

تفصیلات میں بتایا گیا کہ شرپسند سوشل میڈیا ہینڈلز خیبرپختونخوا (KP) میں بے امنی کے حوالے سے من گھڑت اور گمراہ کن دعوے پھیلا رہے ہیں، جس کے لیے اے آئی (AI) سے تیار کردہ تصاویر، پرانی فوٹیج اور غیر متعلقہ ویڈیوز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ زیرِ گردش مواد میں فیکٹریوں کی آگ، لوڈشیڈنگ پر ہونے والے مظاہروں اور شام وغیرہ کی ویڈیوز شامل ہیں جن کو غلط کیپشنز کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے تاکہ افراتفری کا تاثر پیدا کیا جا سکے۔

وزارت اطلاعات فیکٹ چیک کے مطابق افغان اور بھارتی اکاؤنٹس بھی مفاد پرست سیاسی اکاؤنٹس کے ساتھ مل کر اس بیانیے کو ہوا دے رہے ہیں، جس سے مزید تصدیق ہوتی ہے کہ یہ ایک منظم اور غیر ملکی سرپرستی میں چلایا جانے والا پروپیگنڈا ہے۔