لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی عوام کا نہیں 13سالہ نااہلی کا قصور ہے۔
سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کو 13سال صرف دھرنا انتشار گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے، آج اگر خیبر پختونخوا گورنر راج اور ایمر جنسی کی باتیں سن رہا ہے تو یہ عوام کا نہیں 13سالہ نااہلی کا قصور ہے، خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں سے سوال ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک میں ہیں، ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے کے حصہ دار ہیں پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں؟ فرق وسائل کا نہیں، نیت اور اہلیت کا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں صفائی نہیں، صرف سیاست ہوئی اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو اسکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ وہاں ترجیح بچے نہیں، دھرنے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں؟ وہاں توجہ عوام کی حفاظت پر نہیں اسلام آباد پر چڑھائی پر رہی، اگر پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چل سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں کیوں نہیں؟ وہاں منصوبے زمین پر نہیں صرف سوشل میڈیا پر چلے، اگر پنجاب کے گاؤں تک پختہ سڑکیں پہنچ سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کی سڑکیں ادھوری کیوں؟
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہاں وعدے ہوئے کام نہیں، اگر پنجاب میں مفت دوا فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز دہلیز پر ہیں تو خیبر پختونخوا کا مریض ہے بس کیوں؟ وہاں عوام کی صحت سے زیادہ اقتدار عزیز رہا، ''کیوں '' کا جواب ایک ہی ہے تیرہ سالہ انتشار اور نا اہلی۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب نے ثابت کر دیا کہ حکومتیں بڑھکوں سے نہیں کام کام اور کام سے چلتی ہیں خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں، خدمت چاہیے۔