ایک طالبہ حیرت انگیز طور پر ماضی میں پہنچ جاتی ہے، جہاں وہ اپنی ہی تدفین کے منظر میں جاگ اٹھتی ہے۔ سوگواروں کے ہجوم کے درمیان وہ کفن پھاڑ کر اٹھ کھڑی ہوتی ہے، لوگوں کے بے ڈھنگے اور بے رنگ کپڑوں کو دیکھتی ہے، دروازہ کھول کر 1980 کی دہائی کی بے رونق سڑک پر نظر دوڑاتی ہے اور ہانپتے ہوئے کہتی ہے۔ ’’میں ماضی میں آ گئی ہوں‘‘ یہ 2024 کے ایک بے حد مقبول چینی مائیکرو ڈرامے ’’آئی بکیم اے اسٹیپ مدر ان دی 1980‘‘ کا آغاز ہے۔
اسمارٹ فون کی عمودی اسکرین پر دیکھے جانے والے اس ڈرامے کی ہر قسط اوسطاً دو منٹ سے بھی کم دورانیے پر محیط ہے۔ اس تیز رفتار بیانیے میں ہیروئن چند ہی اقساط میں ظالم رشتہ داروں کو دھول چٹا کر اپنا لوہا منوا لیتی ہے۔ یہ محض ایک ڈرامہ نہیں، بلکہ صارفیت، مارکیٹ کی حرکیات اور انسانی نفسیات کے اس نئے اشتراک کا مظہر ہے جس نے آج کی دنیا کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔
فروری 2026 تک، ان مائیکرو ڈرامہ پلیٹ فارمز پر 70 کروڑ سے زائد ناظرین رجسٹر ہو چکے تھے، جن کا اوسط اسکرین ٹائم دو گھنٹے روزانہ ہے۔ یہ صنعت، جس نے عالمی وبا کے دوران پر پرزے نکالے، آج 14 ارب ڈالر کی مارکیٹ بن چکی ہے۔ الگورتھم کی مدد سے ناظرین کے رجحانات، ان کے کلکس اور تبادلوں کی شرح کا تجزیہ کر کے یہ طے کیا جاتا ہے کہ کس کہانی کو فروغ دینا ہے اور کسے ختم کرنا ہے۔ ایک ایسے دور میں جہاں ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور لیڈ جنریشن ہماری معاشی بقا کا حصہ بن چکے ہیں، یہ مائیکرو ڈرامے محض تفریح نہیں، بلکہ جدید معاشی ڈھانچے کا ایک نیا ثقافتی استعارہ ہیں۔
بہت سے ناقدین اس تیز رفتار ڈیجیٹل کلچر کو ’’ذہنی زوال‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ الگورتھم انسانوں سے اُن کی قوت فیصلہ چھین رہے ہیں اور انھیں ایک تنہا اور غیر فعال ہجوم میں بدل رہے ہیں، لیکن ایک طالب علم کے طور پر جب ہم معاشی نظاموں اور لسانیات کی ساختیاتی تبدیلیوں کا گہرا مطالعہ کرتے ہیں، تو نیو لیفٹ ریویو میں شائع ہونے والے ماؤ جیان کے مضمون ’’روگ وربز‘‘کا تجزیہ ہمیں ایک بالکل مختلف اور فکر انگیز زاویہ فراہم کرتا ہے۔ یہ محض اسکرین کی تیزی نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسا دور ہے جہاں زبان و ادب میں ’صفت‘ کی جگہ ’فعل‘ نے لے لی ہے۔
اگر ہم 1980 اور 1990 کی دہائی کے چینی یا عالمی ادب کا جائزہ لیں، تو وہ ’صفت‘ کا دور تھا۔ کردار سوچتے تھے، طویل اندرونی خود کلامی کا شکار رہتے تھے اور معاشرے سے کٹ کر ایک طرح کی خوابیدہ حالت میں زندگی گزارتے تھے، لیکن آج کا ادب اور آج کا کلچر تیزی سے بدل چکا ہے۔
اب پلاٹ فضا پر، واقعات نفسیات پر اور افعال صفات پر حاوی ہو چکے ہیں۔ معروف چینی مصنفین جیسے ’’یو ہوا ‘‘اور’’ سن گانلو‘‘ کا حالیہ کام اس تبدیلی کی واضح مثال ہے۔’’ سن گانلو‘‘، جو کبھی اپنی استعاراتی اور پیچیدہ زبان کے لیے جانے جاتے تھے، ان کے نئے ناول ’’اے تھاؤزنڈ مائلز آف ریورز اینڈ ماؤنٹینز‘‘ میں ہر دس حروف کے بعد ایک ’’فعل‘‘ آتا ہے۔
جملے مختصر ہو گئے ہیں، پیراگراف چھوٹے ہیں اور بیانیہ ایک مسلسل حرکت میں ہے۔ کردار اب سوچنے کے لیے رکتے نہیں ہیں، وہ تیزی سے فیصلے کرتے ہیں اور ایکشن لیتے ہیں۔ ناول میں ’’تیز‘‘ کا لفظ 87 مرتبہ اور ’’پیچھے ہٹنے‘ ‘کا فعل 54 مرتبہ استعمال ہوا ہے۔ یہ لسانی اور صوتیاتی ارتقا دراصل ہمارے عہد کے اس ساختیاتی تضاد کو ظاہر کر رہا ہے، جو جدید سرمایہ داری اور نفسا نفسی کے زیر ِ اثر پروان چڑھا ہے۔
یہاں ہمیں عہد حاضر کی چینی لغت کے سب سے متحرک لفظ ’’ڈا‘‘ کو سمجھنا ہوگا۔ اس کا مطلب ہے مارنا، لڑنا، کام کرنا، زندہ رہنا اور دھکے کھانا۔ آج کا انسان نہ تو ماضی کا روایتی مزدور ہے اور نہ ہی کوئی تنہا فلسفی، وہ ’’ڈا گونگ رین‘‘ یعنی ایک ایسا اجرت دار کارکن ہے جو بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ اسی سے ایک نیا ثقافتی استعارہ ’ڈا باس‘ (باس کو مارو) نے جنم لیا ہے، جو ویڈیو گیمز سے نکل کر ڈراموں اور فلموں تک پھیل چکا ہے۔ مغرب کی ہالی ووڈ فلموں میں ہیرو عام طور پر ایک کے بعد ایک رکاوٹ عبور کرتا ہے، لیکن چینی ثقافت میں اب نشانہ براہ راست نظام کی چوٹی یعنی ’سرمائے‘ اور ’کمانڈ‘ کو بنایا جا رہا ہے۔ یہ نچلے طبقے کی جانب سے معاشی جبر کے خلاف ایک ثقافتی بغاوت ہو سکتی ہے۔
اس بغاوت کا ایک اور حیرت انگیز پہلو ’ہیہوا‘ یعنی ’تاریک ہو جانا‘ یا ’باغی ہو جانا‘ ہے۔ آج کا ناظر ان کہانیوں کو مسترد کر رہا ہے جن میں ہیرو سچائی، نیکی اور خوبصورتی کا روایتی پیکر ہو۔ اس کے بجائے وہ ایک ایسے ہیرو کو پسند کر رہا ہے جو نظام کی ناانصافیوں سے تنگ آ کر تاریک ہو جائے اور ظالموں کو ان ہی کی زبان میں جواب دے۔ یہ دراصل ایک محنت کش طبقے کی دہائیوں پر محیط تھکن، محرومی اور غصے کا اظہار ہے۔ یہ اس بات کا اعلان ہے کہ جب نظام آپ کو کچل رہا ہو، تو محض نیک بنے رہنا کافی نہیں، بلکہ اپنے دفاع کے لیے تاریک ہونا پڑتا ہے۔ 2024 کا مشہور ویڈیو گیم ’بلیک متھ: ووکونگ‘ اور 2025 کی اینیمیٹڈ فلم ’نی ژا 2‘ اسی باغیانہ بیانیے کی شاندار مثالیں کہی جا سکتی ہیں، جہاں نظام کے ستائے ہوئے کردار اپنی بقا کے لیے ایک نیا محاذ کھولتے ہیں۔
یہ مائیکرو ڈرامے، یہ شارٹ ویڈیوز اور ان میں موجود لاکھوں ’’افعال‘‘ محض تفریح یا ذہنی زوال نہیں ہیں۔ ان کی کہانیاں سستی، ان کے اخلاقی معیارات متزلزل اور ان کا مواد خام ہو سکتا ہے، لیکن یہ آج کے معاشرے کے اعصابی نظام کی سب سے سچی عکاسی کر رہے ہیں۔ ناکامیوں، معاشی دباؤ اور طبقاتی تفریق کے باوجود، لوگ اب بھی ’کھڑے ہونا‘، ’باہر نکلنا‘، ’لڑنا‘ اور ’دوبارہ کوشش کرنا‘ چاہتے ہیں۔ ان افعال کے پیچھے ایک ایسا وجود دھڑک رہا ہے جو منجمد ہونے سے انکاری ہے۔ تاریخ کا دھارا ہمیشہ کسی منظم انقلابی شکل میں سامنے نہیں آتا، بعض اوقات یہ ان کروڑوں چھوٹے چھوٹے افعال، لائکس، کمنٹس، کھانا پکانے اور گر کر دوبارہ اٹھنے کے مناظر میں چھپا ہوتا ہے جو ایک بے رحم معاشی نظام کے خلاف ایک خاموش لیکن انتہائی طاقتور انسانی مزاحمت کی گرامر تشکیل دے رہے ہیں۔