بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم کے حوالے سے خون خرابے کی بات کی تھی تاہم انھوں نے اس کی وضاحت بھی کردی ہے البتہ میرا اپنا خیال یہ ہے کہ ماضی میں کراچی میںجو خون خرابہ ہوتا رہا ہے، شاید ان کا اس جانب اشارہ تھا مگر خوش قسمتی سے اب تو وہ قتل و غارت گری والے حالات پیدا کرنے والا ہی خود ملک بدر ہو چکا ہے اور اس کے بعد کراچی میں امن و امان قائم ہے اور کراچی کے باسی سکون کا سانس لے رہے ہیں۔
اب نئے صوبوں کے قیام کی بحث پورے ملک میں بحث جاری ہے ، دلیل یہ دی جارہی ہے کہ چاروں صوبوں کے عوام پریشان ہیں کیونکہ ان کے مسائل گھٹنے کے بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں جن کا عوام اپنی صوبائی حکومتوں کو ذمے دار سمجھتے ہیں۔
نئے صوبوں کے قیام کے سلسلے میں اس وقت کئی سیاستدان اور وزراء گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ ایک طرح دیکھا جائے تو بلدیاتی نظام میں شہری مسائل کا حل موجود ہے مگر صوبائی حکومتوں نے یہ ذمے داری اپنے سر لے کر غلطی کی ہے چنانچہ صوبوں کے شہری مسائل کو حل کرنے میں ناکامی کی وجہ مقامی حکومتوں سے انحراف ہے۔
ناقدین تمام عوامی مسائل کا ذمے دار صوبوں کے اعلیٰ عہدیداروں اور سیاسی پارٹیوں کے بانیوں کو قرار دیتے ہیں۔ مگر یہ بھی عجیب بات ہے کہ جب اس وقت یہ ثابت ہو چکا ہے کہ ہمارے موجودہ صوبے عوامی مسائل کا حل نکالنے میں ناکام ہیں تو پھر مزید صوبوں کے قیام پر کیوں زور دیا جا رہا ہے۔
اس میں شک نہیں کہ اب ہر صوبے کی آبادی پہلے سے زیادہ بڑھ چکی ہے مگر وسائل میں اضافہ نہیں ہوا جس کی وجہ سے سماجی اور مالی مسائل بہت بڑھ چکے ہیں۔ یہ تو حقیقت ہے کہ موجودہ صوبے انگریزوں کے زمانے کے بنے ہوئے ہیں، یہ اس وقت کی آبادی اور وسائل کے تناظر میں تشکیل دیے گئے تھے۔
اب اس وقت اور اس وقت کے حالات میں زمین اور آسمان جیسا فرق آچکا ہے اب اس وقت ہر صوبے کی آبادی پہلے کے مقابلے میں چارگنا زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اب جیسے کہ 1947 میں سندھ کی آبادی 40 لاکھ نفوس پر مشتمل تھی، اب 5 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے، اسی طرح پنجاب کی آبادی اس وقت 4 کروڑ کے قریب تھی، اب 12 کروڑ ہو گئی ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی آبادی بھی بڑھ گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اب صوبوں کی آبادیوں کے بڑھنے کی وجہ سے صوبائی حکومتیں اپنے عوام کے شہری مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہیں مگر اس کی اصل وجہ تو بلدیاتی نظام کو کمزور کرنا ہے۔
تاہم یہ حل تجویز کیا جا رہا ہے کہ ہر صوبے کو کئی صوبوں میں بانٹ دیا جائے تو یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے مگر یہ حل تو مسائل کو اور زیادہ گمبھیر بنا دے گا۔ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اس وقت ہمارا ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے۔
بڑی مشکل سے مالی معاملات کو آئی ایم ایف کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر یہ مالی معاملات پھر بھی بے قابو ہو رہے ہیں۔ ملک کا قرض دن بہ دن بڑھتا جا رہاہے اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔
انھی معاشی مشکلات کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غربت میں اتنا اضافہ ہوگیا ہے کہ ہمارا ملک اب غریب ترین ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے۔ ملک کی خراب معاشی صورتحال کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری تو کجا کوئی قرض تک دینے کو تیار نہیں ہے۔
بعض دانشور اس وقت جو نئے صوبوں کے بنانے کا مشورہ دے رہے ہیں اور اسے عوامی مشکلات کا حل بتا رہے ہیں تو کیا نئے صوبوں کی تشکیل میں اخراجات نہیں ہوں گے۔ نئے صوبائی صدر مقام اور مختلف محکموں کے سیکریٹریٹ نہیں بنائے جائیں گے تو ان کے اخراجات کیسے پورے کیے جائیں گے، ان کو پورا کرنے کے لیے کیا صوبائی وسائل متحمل ہو سکیں گے، تو کیا ان کے لیے بھی ہمیں باہر سے قرض لینا پڑے گا، پھر ان کو کیسے چکایا جائے گا۔
ابھی وہ قرض جو پچھلی حکومتوں نے بغیر سوچے سمجھے عالمی اداروں سے لیے تھے ان کا ادا کرنا ایک مسئلہ بنا ہوا ہے تو پھر نئے صوبوں کا قرض ادا کرنے کے لیے کہاں سے وسائل آئیں گے۔
ماضی میں ملک میں انتظامی اخراجات کم کرنے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے ون یونٹ اور بنیادی جمہوریتوں کے نظام رائج کیے جا چکے ہیں مگر یہ ناکام ہی رہے ہیں۔ اب اسی سلسلے میں ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا پروپیگنڈا عروج پر ہے اور اس کے لیے ریفرنڈم تک کرانے کی بات کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں سندھ میں صورت حال مختلف ہے، یہاں عوام کی اکثریت نئے صوبوں سے زیادہ ہر صوبے میں انتظامی یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو تو خم ٹھونک کر نئے صوبوں کے قیام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، وہ نہ جانے کیوں ڈرے ہوئے ہیں کہ سندھ کے حصے ہونے سے ان کی حکمرانی موجودہ شکل میں قائم نہیں رہ سکے گی مگر ان کا پنجاب کی تقسیم کے لیے راضی ہونا اور سندھ کے لیے راضی نہ ہونا معنی خیز ہے۔
بلاول بھٹو کے بیان پر کئی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے اور یہاں تک کہا جا رہا ہے کہ کوئی بھی صوبہ کسی سیاسی پارٹی یا خاندان کی میراث نہیں ہے، یہ عوامی ملک ہے اور ہر صوبے کو اس کے عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جائے گا۔
نئے صوبوں کے قیام کی بات اس لیے کی جا رہی ہے کہ موجودہ صوبوں کی اعلیٰ قیادت نے صوبوں کے تمام وسائل اپنے کنٹرول میں رکھے ہوئے ہیں، وہ ان وسائل پر اس حد تک قابض ہیں کہ عوام تک ان کے فوائد نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔
انھوں نے جان بوجھ کر بلدیاتی نظام کو مفلوج کر رکھا ہے۔ اس کا اب سیدھا علاج یہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے اور وسائل تک ان کی پہنچ ممکن بنائی جائے۔ بااختیار اور آزاد مقامی حکومتیں ہی جمہوریت کی بنیادی اکائی ہیں جو اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرکے عوام کے روزمرہ کے مسائل کو فوری حل کرنے کی اہلیت کی حامل ہوتی ہیں۔
اس وقت جس انتظامی یونٹس کی بات وزیر صحت مصطفی کمال کر رہے ہیں تو وہ یہی مقامی حکومتوں کا نظام ہی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ یہی نظام عوام کے بنیادی مسائل کا تیر بہ ہدف حل ہے۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں۔ جیسے کہ اس کے ذریعے عوامی نمائندوں تک رسائی آسان ہوگی، بہتر احتساب اور شفافیت کا بول بالا ہوگا۔
وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی۔ عوامی ٹیکسوں کا درست استعمال ہوگا اور پھر نئی ایماندار سیاسی قیادت منظر عام پر آئے گی۔ ہمارے ملک کی یہ بدقسمتی رہی ہے کہ ہر صوبے کی منتخب انتظامیہ وفاق سے ملنے والی رقوم اور صوبے کے وسائل کو اپنا حق سمجھتی ہیں اور وہ ان کے فوائد نچلی سطح تک منتقل نہیں کرتیں چنانچہ نئے صوبوں کے قیام کے بعد بھی اگر ایسا ہی ہوا اور ایسا ہوگا کیونکہ ہمارے ہاں یہی طریقہ رواج پا چکا ہے چنانچہ وفاق بلدیاتی اداروں کی رقوم براہ راست انھیں منتقل کرے نہ کہ صوبائی حکومت کو دی جائیں۔