نئی دہلی میں گزشتہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت منعقد ہونے والے پہلے ’تہذیبی مکالمہ‘ (Civilisational Dialogue) میں پاکستان اور اس کے مندوب ڈاکٹر مصدق ملک میڈیا اور عوامی توجہ کی صورت پورے پروگرام پر حاوی رہے۔
مئی 2025ء کی پاک بھارت جنگ اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا یہ پہلا دورہ بھارت تھا۔ اس دورے میں انھوں نے جس وقار، تحمل اور سفارتی پختگی کا مظاہرہ کیا، اس پر انھوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ خود بھارت کے سنجیدہ حلقوں سے بھی تحسین پائی۔ ’تہذیبی مکالمے‘ کے موقع پر انتہائی جارح میڈیا کو جس ’تہذیب کے ساتھ‘ ڈاکٹر مصدق نے ڈیل کیا، اس نے گویا میلہ لوٹ لیا۔
مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فیصلہ کن کامیابی نے عسکری سطح پر بھارت کے غرور کو مٹی میں ملا دیا۔ اس عسکری کامیابی کے بعد سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے غیرمعمولی پیشرفت کی۔
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور جنگ میں پاکستان کی ثالثی اور حالیہ مہینوں میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان ’مکہ معاہدہ‘ نے پاکستان کے علاقائی اور عالمی کردار کو مزید وسیع اور مؤثر بنا دیا ہے۔ پاکستان کی نئی سفارتی اور اسٹریٹجک اہمیت کو بھارت میں گہرے شک، حسد اور حقارت کی نگاہ سے دیکھا گیا اور میڈیا پر بھی اسی زاویے سے پیش کیا گیا۔
بھارتی اسٹیبلشمنٹ اور اس کے ہم نوا میڈیا کے لیے یہ ہضم کرنا مشکل ہو رہا تھا کہ جس ملک کو وہ سفارتی اور معاشی طور پر دبانے کے درپے تھے، وہ آج خطے میں ثالثی، معاہدوں اور کثیرالجہتی فورمز پر زیادہ مؤثر حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
نئی دہلی میں مصدق ملک کی موجودگی کے دوران بھارتی ذرائع ابلاغ نے انھیں اشتعال انگیز اور الجھا دینے والے سوالات میں گھیرنے کی بھرپور کوشش کی مگر مصدق ملک نے ایجنڈے کے دائرے سے باہر نکلنے کے بجائے نہایت شائستگی اور تہذیب سے میڈیا کی بولتی بند کر دی کہ یہ پلیٹ فارم سیاسی گفتگو کے لیے نہیں ہے۔
اردو میں گفتگو کرتے ہوئے، دہلی کی مشترکہ تہذیبی روایت اور مرزا غالب کا حوالہ دے کر انھوں نے ایس سی او اجلاس کے اصل مقصد کو مقدم رکھا۔ یوں انھوں نے بھارتی میڈیا کی اشتعال انگیزی کو ناکام بنا کر سنجیدہ سفارتکاری کی ایک مثال قائم کی۔
بھارتی میڈیا اور بی جے پی کے اس جارحانہ رویے اور بے چینی کی جڑیں بھارت کے اندرونی سیاسی اور معاشی بحرانوں میں بھی پیوست ہیں۔ بی جے پی کی جارحانہ اور تقسیم درتقسیم کی سیاست اب اپنے منطقی انجام اور عوامی مزاحمت سے دوچار ہے۔
مئی 2026 میں احتجاجی طلبہ کو ’کاکروچ‘ کہے جانے کے خلاف ابھرنے والی نوجوانوں کی تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (CJP) نے حکمران جماعت کی قائم کردہ خوف کی دیوار میں دراڑ ڈال دی ہے، جس کے نتیجے میں اپوزیشن جماعتیں بھی فرنٹ فٹ پر آ چکی ہیں۔
دوسری جانب معاشی محاذ پر بھی بھارت کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکمران جماعت کے ساتھ قریبی کاروباری گروہوں کے گٹھ جوڑ (کرونی کیپیٹل ازم) کے تاثر اور پالیسیوں میں عدم تسلسل نے غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل کیا ہے۔
براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری (FDI) کے منظرنامے میں بھی دباؤ اور سرمائے کی نکلتی ہوئی لہر نے یہ تاثر مضبوط کیا ہے کہ عالمی سرمایہ اب پہلے کی طرح بے فکری سے بھارت کا رخ نہیں کر رہا۔ اس کے ساتھ ہی بڑھتی ہوئی بے روزگاری، بالخصوص تعلیم یافتہ نوجوانوں میں روزگار کی کمی، بھارت کا سب سے بڑا سیاسی ومعاشی مسئلہ بن چکی ہے۔
داخلی ناکامیوں اور عوامی غصے سے توجہ ہٹانے کے لیے جہاں ملک کے اندر اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانیہ تیز کیا گیا، وہیں ہمسایہ ممالک، خاص طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے حوالے سے دھمکی آمیز اور اشتعال انگیز رویے میں ایک اسٹریٹجی کے تحت مزید شدت لائی گئی ہے۔
بھارتی حکومت اور میڈیا کی یہ ہذیانی اور ہیجانی کیفیت ہمیشہ سے ایسی نہ تھی۔ سرکاری سفارتی تعلقات میں اتار چڑھاؤ ماضی میں بھی معمول رہا تاہم میل ملاقاتوں کا سلسلہ کبھی کم اور کبھی زیادہ جاری رہا۔ بی جے پی حکومت کی مسلم اور پاکستان دشمنی نے البتہ ہر سلسلے کو دشمنی سے جوڑ کر توڑ دیا، ورنہ بقول احمد فراز: ’’اتنے تو مراسم تھے کہ آتے جاتے۔‘‘
ہمیں 2007 سے 2012 کے دوران تین بار بھارت جانے کا موقع ملا۔ اس دوران کانگریس کی حکومت میں منموہن سنگھ وزیراعظم تھے۔ اس عرصے میں بھارت نے عالمی تجارت اور اپنے ہاں صنعتی وزرعی ترقی کو خوب فروغ دیا، یوں بھارت عالمی سرمایہ کاروں کی ترجیحی منڈی بنتا چلا گیا۔
امریکا کی چین گھیراؤ پالیسی کی وجہ سے بھارت، امریکا اور یورپ کا اہم ساجھے دار بن گیا۔ بی جے پی کی سیاست گجرات کے 2002 کے فسادات کے بعد نئی منزلوں کی طرف رواں دیکھی گئی لیکن مجموعی طور پر مسلم دشمنی اور پاکستان منافرت کا اس قدر طوفان نہ تھا۔
ہمیں پہلی بار 2007 میں براستہ واہگہ جانے کا موقع ملا جو ایک خوشگوار اور منفرد تجربہ ثابت ہوا۔ امرتسر سے ضلع فرید کوٹ کے ایک معروف قصبے کوٹ کپورہ میں ہمارا پہلا پڑاؤ تھا۔ یہ قصبہ کپاس اور دیگر اجناس کے لیے بہت مشہور ہے۔
ہمارے میزبان ایک معروف کاروباری تھے جن کے کاٹن جننگ فیکٹری اور ایک سپر اسٹور سمیت کئی کاروبار تھے۔ مارکیٹ میں ان کے اسٹور اور گھر پر ’’لاہور سے آئے مہمان‘‘ سے ملنے جوق در جوق لوگ آئے۔
اپنے بزرگوں سے سنے قصوں اور غیرمنقسم ہندوستان کے حوالے سے ہر ایک نے اپنے آبائی تعلق کا ذکر والہانہ انداز میں کیا۔ لاہور سے محبت اور اس کا تذکرہ بھی قابلِ داد دیکھا۔ مسلم اور پاکستان دشمنی کا شائبہ تک نہ دیکھا۔
بذریعہ ریل نئی دہلی پہنچے تو پاکستان کے بارے میں فضا امرتسر اور کوٹ کپورہ جیسی دوستانہ نہ تھی لیکن نفرت کا برملا اظہار بھی نہ تھا، میل ملاپ میں روایتی مسکراہٹیں بھی تھیں اور گاہے زیرلب تو گاہے کھلم کھلا تلخیوں کا اظہار بھی تھا۔
نئی دہلی کے علاوہ ممبئی بھی دو بار جانا ہوا، علاوہ ازیں احمد آباد (گجرات)، ناگپور اور عادل آباد جانے کا بھی موقع ملا۔ ممبئی میں البتہ پاکستان کے بارے میں دونوں طرح کے جذبات دیکھے، دوستانہ بھی اور حریفانہ بھی۔
دوسری بار 2012 میں ایک کانفرنس کے سلسلے میں ممبئی جانا ہوا۔ ممبئی پر دہشت گرد حملے 2008 میں ہوئے تھے۔ اتفاق سے کانفرنس اور رہائش اس ہوٹل میں تھی جو ان حملوں کا شکار ہوا تھا۔ پاکستان کے بارے میں تلخی فضا میں محسوس کی جا سکتی تھی تاہم ہمیں تین چار معروف کاروباری لوگوں نے کانفرنس کے اختتام پر انتہائی عزت اور گرمجوشی سے دفاتر اور کھانے پر مدعو کیا۔
مجموعی تاثر یہی تھا کہ ہمہ وقت دشمنی کی بجائے عوامی رابطے اور باہمی تجارت کے ذریعے تعاون اور اشتراک کو مضبوط کرنا بہتر ہے۔ 2012سے 2026 تک پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہ چکا ہے۔ بی جے پی 2014ء سے مرکز میں حکومت کر رہی ہے۔
مسلم اور پاکستان دشمنی بی جے پی کی سیاست اور بھارتی میڈیا کے دھندے کی بنیاد ہے۔ ایسے ہیجانی ماحول میں ڈاکٹر مصدق ملک ’تہذیبی مکالمے‘ میں جس جاندار اور پراعتماد انداز میں ’تہذیب کے ساتھ‘ شریک ہوئے، وہ قابل داد ہے۔