ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ: شیکھر دھون کا یوٹرن، ایونٹ میں شرکت سے انکار

سابق بھارتی کرکٹر نے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا ہے


اسپورٹس ڈیسک October 14, 2026

بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں شرکت سے انکار کردیا۔

شیکھر دھون نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں شرکت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتظمین نے ان کی اجازت کے بغیر اسکواڈ میں نام شامل کیا۔

سابق بھارتی کرکٹر نے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا ہے۔

شیکھر دھون کو ایشیا واریئرز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا جہاں ان کے ساتھ پاکستانی کھلاڑی افتخار احمد اور سہیل تنویر کے نام بھی سامنے آئے تھے۔

تاہم دھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت کی کہ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دی اور ان کی ٹیم اس معاملے پر مناسب قانونی اقدامات کرے گی۔

انہوں نے میڈیا اور مداحوں سے درخواست کی کہ غیر مصدقہ اعلانات پر بھروسہ نہ کریں۔

دوسری جانب ٹورنامنٹ کے منتظمین نے بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کی کہ دھون ایشیا واریئرز کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ان کی عدم شرکت کی وجہ شیڈول میں مسائل اور بعض تکنیکی معاملات بتائے گئے تاہم تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ دھون نے 2024 میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

وہ بھارت کی جانب سے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔